ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2025 کا دائرہ مزید 20 اضلاع تک بڑھا دیا گیا،41 اضلاع ہارٹیکلچر اتھارٹی کے نیٹ ورک میں شامل

حکومت پنجاب نے پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2025 کا دائرہ مزید 20 اضلاع تک بڑھا دیا ہے، جس کے بعد صوبے کے تمام 41 اضلاع ہارٹیکلچر اتھارٹی کے نیٹ ورک میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس اقدام سے ضلعی سطح پر ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے قیام اور پارکوں، گرین بیلٹس اور عوامی سبز مقامات کے انتظام و انصرام کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بہاولنگر، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، چکوال، اٹک، لیہ، راجن پور، قصور، پاکپتن، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں، وہاڑی، میانوالی، بھکر، تلہ گنگ، کوٹ ادو، تونسہ اور وزیرآباد میں ہارٹیکلچر ایجنسیاں قائم کی جائیں گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق نئی ہارٹیکلچر ایجنسیوں کو جلد از جلد فعال کیا جائے گا اور ان اضلاع میں شجرکاری مہمات کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا تاکہ چھوٹے شہروں کے شہری بھی سرسبز، خوبصورت اور بہتر دیکھ بھال کے حامل عوامی مقامات سے مستفید ہو سکیں۔یہ اقدام گزشتہ سال شروع ہونے والے مرحلہ وار توسیعی عمل کی تکمیل ہے۔ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت ہارٹیکلچر اتھارٹیز کو ایک مرکزی صوبائی ادارے، پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی، کے ماتحت کام کرنے والی ایجنسیوں میں تبدیل کیا گیا تھا۔گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سبز مقامات کے حوالے سے ایک تفصیلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جنوری 2027 تک ہر ضلع میں ہارٹیکلچر ایجنسی قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں اپنی نرسریاں قائم کرنے، شہریوں کو مناسب قیمتوں پر پودوں کی فراہمی، شہروں، قصبوں اور دیہات میں مرحلہ وار شجرکاری مہمات شروع کرنے اور تمام دستیاب کھلی جگہوں پر درخت اور پھول لگانے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی احمد عثمان نے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل سے ملاقات کی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ نئی ہارٹیکلچر ایجنسیاں ضلع وار وسائل کے منصوبے تیار کریں، شہروں، قصبوں اور دیہات میں مرحلہ وار شجرکاری مہمات شروع کریں اور ہر ماہ موسمی پھول لگانے کے اقدامات یقینی بنائیں۔ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے نیٹ ورک میں یہ توسیع محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے پانی اور صفائی کے شعبے میں کیے گئے اقدامات سے بھی مطابقت رکھتی ہے۔ گزشتہ سال واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیوں (واسا) کا دائرہ صوبے کے تمام 41 اضلاع تک بڑھایا گیا تھا، جن میں وہی اضلاع بھی شامل ہیں جنہیں اب ہارٹیکلچر نیٹ ورک کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

Back to top button