بڑے ہسپتالوں کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،وزیر اعلٰی گلگت بلتستان امجد حسین

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ہیلتھ ریفارمز کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری لانا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ ہم ایسا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جس کے تحت میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہر مریض کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں۔وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے صوبے کے بڑے ہسپتالوں کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈی جی ہیلتھ اور دیگر انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کریں اور ڈاکٹروں کے ساتھ موثر رابطہ کاری کے ذریعے ہسپتالوں کو درپیش انتظامی مسائل حل کریں۔وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں نظم و ضبط کی بہتری اور ڈاکٹروں سمیت تمام عملے کی بائیومیٹرک حاضری یقینی بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں انتظامی امور اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے سیکریٹری صحت اور متعلقہ افسران ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ چلاس ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کے لیے ایس پی ایس کے تحت بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے، جبکہ سکردو ہسپتال میں خالی آسامیوں پر بھی بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے جنرل نرسز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی تمام اٹیچمنٹس ختم کرکے انہیں صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں تعینات کرنے اور ان کی حاضری یقینی بنانے کے احکامات بھی دیے۔وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹرز تنظیموں کے نمائندوں اور ڈی جی صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں درکار اصلاحات کے حوالے سے جامع سفارشات تیار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں، تاکہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ انتظامی مشکلات کا بھی موثر تدارک کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے پی ایچ کیو ہسپتال گلگت میں برن یونٹ کے قیام کے لیے باقاعدہ پروپوزل تیار کرنے اور گائنی بلاک میں علیحدہ ایمرجنسی فعال بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ گائنی ایمرجنسی اور گائنی آپریشن تھیٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔صوبے کے بڑے ہسپتالوں کے انتظامی نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے علاوہ متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان (ایچ او ڈیز) کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی، تاکہ عوام کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے پی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے موقع پر معطل کیے گئے ایچ او ڈی، ڈی ایم ایس اور اسٹور کیپر کی بحالی کا فیصلہ بھی کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت اقبال حسن، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ صفدر خان، صوبائی سیکریٹری صحت، ایڈیشنل سیکریٹری صحت، ڈی جی صحت، تمام ریجنز کے ڈائریکٹرز، ڈاکٹرز تنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button