سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر احسان بھٹہ کا شیخوپورہ فورٹ اور ہرن مینار کا دورہ،رانی بیگم محل کی بحالی پر بھی ذور

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے میگنیفیسنٹ پنجاب ویژن کے تحت سیکرٹری ٹورازم ، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ڈاکٹر احسان بھٹہ نے شیخوپورہ فورٹ اور ہرن مینار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی آرکیالوجی ، جی ایم ٹی ڈی سی پی ، اے سی شیخوپورہ اور متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔ سیکرٹری سیاحت کو ہرن منار کے ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہوں نے بحال شدہ حصوں، راستوں، گالف کارٹ، بوٹنگ ایریا اور جنگل ٹریک کا معائنہ کیا۔ ہیرن سینکچری میں موجود گیارہ ہرن کی دیکھ بھال بارے سیکرٹری سیاحت کو بریفنگ دی گئی ۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مین گیٹ اور راستوں کی صفائی و بحالی، ہسٹری بورڈز لگانے اور لاہور تا شیخوپورہ ڈبل ڈیکر بس سروس کے نئے روٹ کے آغاز کی ہدایات دیں ۔ بعد ازاں سیکرٹری ٹورازم نے شیخوپورہ فورٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں انہیں قلعے کی بحالی اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ سیکرٹری سیاحت کو پنجاب حکومت کی قلعے کی بحالی اور سیاحتی سہولیات کے لیے تین سالہ اسکیم کی منظوری بارے بتایا گیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے قلعے کے تمام حصوں کا دورہ کرتے ہوئے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کے لیے ہدایات جاری کیں جن میں ہرن منار تک جانے والی سرنگ کی صفائی اور دیدہ زیب لائٹنگ کے ساتھ قلعے کی دیواروں اور گراؤنڈ میں کارپوریٹ فنکشنز کی سہولت شامل ہے۔ انہوں نے رانی بیگم محل سمیت خستہ حال عمارتوں کی بحالی پر بھی زور دیا اور آرکیالوجی ڈائریکٹوریٹ و ٹی ڈی سی پی کے کام کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ شیخوپورہ فورٹ اور ہرن منار پنجاب کی تاریخی شان ہیں، ان مقامات کو جدید سہولیات کے ساتھ محفوظ کر کے عالمی معیار کی سیاحت کو نئی جہت دی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button