کراچی( بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے عزیز آباد میں 68 کروڑ 76 لاکھ سے زائد لاگت سے کے ڈی اے کے تعاون سے لال قلعہ پارک سمیت پانچ پارکس کا افتتاح کردیا، اس موقع پر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رؤف ناگوری، کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان،ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکریٹری شہزاد مجید، سٹی ایریا کے صدر سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ

ان پارکس میں لال قلعہ پارک، چھوٹا پارک، مور پارک، عزیز میونسپل پارک اور دیگر پارک شامل ہیں، مجموعی طور پر پونے پانچ ایکڑ پر محیط ان پارکس کی تزئین و آرائش مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے،یہ تمام پارکس پہلے خالی اور تباہ حالی کا شکار تھے،انہوں نے کہاکہ کراچی میں عوامی پارکس کی بحالی ان کے وژن کا اہم حصہ ہے جبکہ عزیز آباد کے پارکس کی بہتری شہر کو سرسبز بنانے کے عزم کی عملی مثال ہے،عوام کو صحت مند اور تفریحی ماحول فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، میئر کراچی نے کہا کہ لال قلعہ پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جہاں جاگنگ ٹریک، بچوں کے جھولے، گرین ایریاز، فائبر کاسٹ آر سی سی سٹنگ ایریاز اور لکڑی کی جدید بینچز نصب کی گئی ہیں، اس کے علاوہ باؤنڈری وال، ڈیزائننگ والز اور موک راک آر سی سی گزیبوز بھی تعمیر کیے گئے ہیں،چھوٹا پارک میں الیکٹری فکیشن اور لینڈ اسکیپنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ پارک تھری میں جدید سہولیات کے ساتھ جوگنگ ٹریک، سبزہ اور روشنی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے،انہوں نے مزید بتایا کہ مور پارک کو جدید طرز پر اپ گریڈ کیا گیا ہے، جہاں سیلفی پوائنٹ، فاؤنٹین، فیملی ایریاز، جدید الیکٹری فکیشن، ایل ای ڈی فلڈ لائٹس اور گارڈن لائٹس نصب کی گئی ہیں، پارک کی خوبصورتی کے لیے آئرن گیٹ، گرِل ورک اور گارڈن پولز بھی لگائے گئے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ پارکس میں زیر زمین واٹر ٹینک، پسٹن پمپ اور موٹرز نصب کی گئی ہیں، جبکہ شجرکاری کے تحت سویٹ ارتھ، کوڈنگ اور ڈاکا گراس لگائی گئی ہے، شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے فائبر گلاس ڈسٹ بن بھی رکھے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کے پارکس اور گرین ایریاز کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور شہر میں سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے پارکس کی بحالی اور بہتری کا عمل جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ جہاں مٹی اور دھول اڑتی رہتی تھی، آج انہیں جدید طرز پر بحال کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور بچوں کے لیے واکنگ ٹریکس اور تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے علاقے کے بچے سب سے زیادہ خوش نظر آ رہے ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ عزیز آباد کی عوام سے پارکس کی تعمیر کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج پورا ہو رہا ہے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ پارکس کی دیکھ بھال میں کے ایم سی کا ساتھ دیں، پانچوں پارکس کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے یہ سہولیات محفوظ رہ سکیں،انہوں نے کہا کہ یہ سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے، شہر میں بڑی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرونی گلیوں، پارکس اور پلے گراؤنڈز بنتے ہوئے نظر آئیں گے جس کا براہ راست فائدہ ایک عام کراچی والے کو ہوگا، انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان منصوبوں کی تکمیل میں بھرپور تعاون کیا،میئر کراچی نے سانحہ گل پلازہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندے اور کراچی کے عوام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے بتایا کہ اس سانحے سے متعلق جامع انکوائری رپورٹ کابینہ کی کمیٹی کے سامنے پیش کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جا سکے،انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کی زمین کے ایم سی کی ملکیت تھی جو 1884ء میں 99 سال کے لیے ایک ٹرام کمپنی کو لیز پر دی گئی، بعد ازاں مختلف ادوار میں یہ زمین فروخت ہوتی رہی جبکہ 1991ء تک لیز کی تجدید نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ اس دوران بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی خاموشی اور فائر سیفٹی انتظامات کی صورتحال کیا تھی،میئر کراچی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ تاجروں کے لیے اتنی ہی دکانیں سندھ حکومت تعمیر کر کے فراہم کرے گی،عوام مشکلات میں ہیں اور دیکھنا چاہتی ہے کہ حکومت عملی طور پر کیا اقدامات کر رہی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کا واحد شہر ہے جس میں ہر سیاسی جماعت کا اسٹیک ہے، اس لیے سب کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ سانحات کی آڑ میں سیاست کرنا درست نہیں، الزام تراشی آسان ہے لیکن اصل ضرورت کارکردگی دکھانے کی ہے،انہوں نے کہا کہ اگر پارکس کے اطراف ٹوٹی ہوئی سڑکیں متعلقہ ٹاؤن نہیں بنائیں گے تو میں خود یہ کام کروں گا، انہوں نے کہا کہ کیا اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے وفاق کے ماتحت رہیں ان کی حالت سب کے سامنے ہے،میئر کراچی نے تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ شہر کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں کیونکہ کراچی کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔






