میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں کشمیر کالونی اور چنیسر ٹاؤن میں سڑکوں کی استرکاری، سیوریج، واٹر سپلائی اور پیور بلاکس سمیت ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ضلعی صدر اقبال ساند،ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی،یوسی چیئرمین حامد،منتخب نمائندگان اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت ضلع شرقی کی یوسی 1 تا 6 میں سڑکوں کی استرکاری کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2024-25کے تحت مکمل کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی لاگت 154 ملین روپے ہے اور منصوبے کے تحت سیوریج نظام کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن میں 12 انچ قطر کی سیوریج لائن 3,160 آر ایف ٹی جبکہ 15 انچ قطر کی سیوریج لائن 6,969 آر ایف ٹی بچھائی گئی ہے،علاقے میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے واٹر سپلائی لائن کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت 225 ایم ایم قطر کی واٹر لائن 295 آر ایف ٹی تک ڈالی گئی ہے، گلیوں اور سڑکوں کی بہتری کے لیے پیور بلاکس ورک بھی کیا گیا ہے اور 60 ایم ایم نیچرل کلر پیور بلاکس کے ذریعے 3,23,698 اسکوائر فٹ رقبے پر اسٹریٹ پیورنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے،میئر کراچی نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 51,161 اسکوائر فٹ سڑکوں پر اسفالٹ کارپٹنگ کی گئی ہے،کے ایم سی کی جانب سے ضلع شرقی کی متعدد یوسیز میں سڑکوں کی استرکاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں جس سے شہریوں کو بہتر انفراسٹرکچر میسر آئے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کیے گئے وعدوں کے مطابق کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیر کالونی کے رہائشیوں کو آئندہ آنے والے دنوں میں مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور علاقے کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے،مرکزی شاہراہ کی تعمیر کی ایک اہم اسکیم جس کی تخمینی لاگت تقریباً 20 کروڑ روپے ہے صوبائی وزیر سعید غنی نے منظور کروائی ہے، انہوں نے کہا کہ چنیسر ٹاؤن، محمود آباد، کشمیر کالونی اور اعظم بستی کی مختلف گلیوں اور سیوریج لائنوں کی بہتری کے لیے 21 کروڑ روپے کی مزید اسکیم منظور کی گئی ہے جس پر عید کے بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا،بلوچ کالونی ایکسپریس وے جو ماضی میں شدید خراب حالت میں تھا اسے بہتر بنایا گیا ہے جبکہ نرسری کے اطراف کی سڑکوں کی حالت بھی بہتر کی گئی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی روڈ کے نالے کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کا مسئلہ حل ہو سکے، انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے اور شہر میں 46 ارب روپے کی اسکیموں کے ساتھ ساتھ تقریباً ساڑھے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں جبکہ مزید 13 ارب روپے کراچی کی گلیوں اور محلوں کو بہتر بنانے پر خرچ کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی اور کراچی کے عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ترقیاتی پروگرام میں اسکیمیں شامل نہیں اور وسائل موجود نہیں، تاہم اگر وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ گلبرگ کی سڑک تعمیر کی گئی ہے تو یقیناً اس کے لیے کہیں نہ کہیں سے فنڈز فراہم کیے گئے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ نور جہاں کی تعمیر پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کی گئی لیکن نعیم الرحمان کے ساتھیوں نے وہاں جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرنے والا بورڈ لگا دیا، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معاملے میں دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے اور عوامی وسائل کو شفاف طریقے سے خرچ کیا جانا چاہیے،میئر کراچی نے کہا کہ تنقید اور تعصب کی سیاست کے بجائے مثبت طرز عمل اپنانا ہوگا تاکہ شہر کی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ شہر میں سیاسی جماعتوں کو تشہیری مہم کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے نعیم الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تشہیری مہم چلانی ہے تو پہلے آگاہ کر دیا کریں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر میپ کے بجائے ان کی تصاویر آویزاں نظر آتی ہیں جو مناسب طرز عمل نہیں ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام آدمی کی زندگی پر پڑتا ہے کیونکہ جب پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں تو دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے حالیہ دنوں میں بعض اہم فیصلے کیے ہیں اور ان کے اثرات کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی،میئر کراچی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے تک اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جو عام آدمی کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے،انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس طرح اچانک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ دیکھنے میں نہیں آتا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کی ہے کیونکہ اس سے عوام کو مہنگائی کے بھنور میں دھکیل دیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیش نظر بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، تاہم ان فیصلوں میں عوامی مفاد کو مقدم رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے حقوق اور مفادات کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔اس موقع پر منعقد ہ تقریب سے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے اور شہر میں ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نمائندے ہمیشہ عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں اور شہری مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کراچی کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سنجیدہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے لیے یہ سال گیم چینجر ثابت ہوگا کیونکہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ عملی طور پر شہر کی بہتری کے لیے کون کام کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سیاسی بنیادوں پر اس شہر کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب اور سندھ کا دارالحکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے تاکہ مشترکہ کوششوں سے مسائل کا حل نکالا جاسکے۔






