مئیر سٹی میٹروپولیٹن حاجی زبیر علی اور تحصیل چیئرمینز کے ساتھ گزارا گیا وقت خوشگوار، بامقصد اور یادگار دوررہا،اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ملک ارشد خان

اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ملک ارشد خان نے کہا ہے کہ مئیر سٹی میٹروپولیٹن حاجی زبیر علی اور تحصیل چیئرمینان ہارون صفت (پشتخرہ)، کلیم اللہ خان (شاہ عالم)، فرید اللہ خان مرحوم و انعام اللہ خان (متھرا)، مفتی طلحہ محمد (بڈھ بیڑ)، ارباب عمر خان (چکمنی) اور حفیظ الرحمن (حسن خیل) کے ساتھ گزارا گیا وقت ایک خوشگوار، بامقصد اور یادگار دور رہا۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران تمام منتخب عوامی نمائندوں نے باہمی احترام، مشاورت اور مثبت تعاون کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی اپنی وساطت اور محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلدیاتی نظام کو درپیش سیاسی، انتظامی اور مالی مشکلات کے باوجود تمام معزز چیئرمینان اور مئیر نے بالغ نظری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان چیلنجز کا احسن انداز میں مقابلہ کیا اور عوامی خدمت کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی اجتماعی کاوشوں کے نتیجے میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں نمایاں پیش رفت ممکن ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات ان تمام منتخب نمائندوں کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک نہایت مثبت اور سیکھنے کا بہترین تجربہ رہا، جس کے دوران باہمی رابطے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے عوامی خدمت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام معزز ساتھیوں کو صحت، خوشی اور مزید عوامی خدمت کی توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ اپنے علاقوں اور عوام کی خدمت کرتے رہیں۔

جواب دیں

Back to top button