رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی جانب سے شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے۔ شہر کی مساجد میں ختم القرآن اور شبینہ محافل کے انعقاد کے پیش نظر ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیموں نےمساجد کی واشنگ اور صفائی کے انتظامات مکمل کیے جبکہ کمرشل مارکیٹس اور شہر بھر میں لگائے گئے افطار دسترخوانوں کے اطراف بھی صفائی ستھرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ تراویح کے مقامات اور جامع مساجد کے گرد خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔ مزید برآں قبرستانوں کے اطراف اور ملحقہ راستوں پر بھی صفائی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ لاہوریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیمیں شہر بھر میں تینوں شفٹوں میں متحرک ہیں۔






