بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس،14 قراردادیں منظور

کراچی(بلدیات ٹائمز)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس جمعرات کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد بھی اس موقع پر موجود تھے، اجلاس میں مجموعی طور پر14 قراردادیں منظور کی گئیں جن میں ایجنڈے میں شامل 9 قراردادوں کے علاوہ دیگر 5 قراردادیں شامل تھیں،

اجلاس کے آغاز پر اتفاق رائے سے منظور کی گئیں قراردادوں کے ذریعے ایوان نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اور اس کے نتیجے میں اعلیٰ ایرانی قیادت بشمول ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران میں بمباری کے نتیجے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر مذمت کی قرارداد منظور کی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ مشرق وسطی میں جاری اس جنگ کو رکوانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ خطے میں ہونے والی اس تباہی کو روکا جاسکے جبکہ دوسری قرارداد کے ذریعے گل پلازہ میں آگ لگنے سے 80 سے زائد افراد کی شہادت اور 1200 دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید ہونے والے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی، ان قراردادوں کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی اور ایوان کے رکن محمد نعمان،ذیشان سواتی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ ایران پر حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں اور گل پلازہ کے واقعہ کے شہداء کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی، اجلاس کے دوران جن دیگر قراردادوں کی منظوری دی گئی ان میں مختلف محکموں سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں آسامیوں کی بمعہ سیلری منتقلی کی منظوری، عباسی شہید اسپتال بلدیہ عظمی کراچی میں سینئر اسپیچ تھراپسٹ (17-BS) کی آسامی (18-BS) میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری، کیٹل کالونی لانڈھی میں لگنے والی جانوروں (خرید و فروخت) کی منڈی کے اطراف میں (کیٹل پاؤنڈ) فریش اینیمل سیل پوائنٹ کے قیام کی منظوری، کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کو 100 فیصد یوزر چارجز کے استعمال کی منظوری، کے ایم سی کے طبی اداروں کو میڈیکل آکسیجن گیس کی فراہمی کی موجودہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری، میونسپل سروسز بلدیہ عظمی کراچی کے بجٹ ہیڈ نمبر XVI-A-(i) سے مبلغ 10 ملین روپے محکمہ MPD کے POL بجٹ ہیڈ نمبرVII-A1-5(iii) میں Re-appropriate کرنے کی منظوری، سپرنٹنڈنگ انجینئر (ایل اینڈاوسی) کے ایم سی کے ریوالونگ امپریسٹ اکاؤنٹ مبلغ 5000/- روپے ماہانہ سے بڑھا کر مبلغ 25000/- روپے ماہانہ کرنے کی منظوری، چیف انجینئر (ای اینڈایم) کے ریوالونگ کیش امپریسٹ کی ماہانہ رقم مبلغ 10,000/- روپے سے بڑھا کر 25,000/- روپے ماہانہ کرنے کی منظوری۔میڈیا مینجمنٹ، بلدیہ عظمی کراچی کے بجٹ میں بالترتیب مبلغ دس ملین روپے اور مبلغ پانچ ملین روپے Re-appropriate کرنے کی منظوری، شہید نجیب احمد کی جمہوری جدوجہد کے اعتراف میں فائیو اسٹار چورنگی فلائی اوور (ناظم آباد) کا نام شہید نجیب احمد کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام بیچ ویو سائٹ پر تین ایکڑ اراضی پر کراچی میوزیم کے قیام کی منظوری اور یونائیٹڈ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (UMDC) روڈ پر 10 انچ قطر PE پائپ بچھانے اور ابراہیم حیدری ضلع کورنگی کی اندرونی گلیوں میں پیونگ بلاک لگانے کے لئے اسکیم PC-1 تخمینہ رقم مبلغ 100.00/- ملین روپے کی منظوری شامل تھیں، مجموعی طور پر اجلاس کے دوران 5 قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں جبکہ 9 قراردادوں کی منظوری کثرت رائے کے ذریعے دی گئی،اجلاس کے دوران مختلف اراکین نے اظہار خیال کیا، بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button