گل پلازہ متاثرین کے خصوصی بازار کا دورہ، مشکل وقت میں تاجروں کو اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا،مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی(بلدیات ٹائمز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ شب بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے پولو گرائونڈ بارہ دری میں قائم گل پلازہ متاثرین کے خصوصی بازار کا دورہ کیا اور دکانداروں سے ملاقات کی اور مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، اس موقع پر میئر کراچی نے متاثرہ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور شہر کی مختلف مارکیٹوں میں بھی ان کے کاروبار کے لیے بندوبست کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بغیر کسی رقم کے تمام سہولیات کے ساتھ یہ خصوصی بازار قائم کیا ہے تاکہ متاثرہ تاجروں کو فوری طور پر کاروبار کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کی بڑی تعداد کو یہاں خریداری کے لیے آتا دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کیونکہ کراچی کے لوگوں نے متاثرہ تاجروں کو اپنا سمجھا ہے اور ان کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دکانداروں اور خریداروں کی سہولت کے لیے پارکنگ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے جبکہ پرل کانٹینینٹل ہوٹل کراچی انتظامیہ بھی دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تعاون کر رہی ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس شہر کی ترقی میں تاجروں کا بڑا کردار ہے اور مشکل وقت میں انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی متاثرہ تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button