ٹی ڈی سی پی ورکرز اینڈ سٹاف یونین (CBA) کی تقریب حلف برداری،نو منتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ ٹی ڈی سی پی ورکرز اینڈ سٹاف یونین (CBA) کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کوالجنٹ فورٹ، پی آئی اے روڈ ، لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی عاصم رضا منیجنگ ڈائریکٹر، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) تھے، جنہوں نے نو منتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا
۔تقریب ایک پر وقار اور شاندار اجتماع کی صورت میں منعقد ہوئی ، جس میں ٹی ڈی سی پی کے افسران و ملازمین ، سابقہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین، یونین کے عہدیداران واراکین کے علاوہ دیگر یونینز کے اعلیٰ عہدیداران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران حال ہی میں ترقی پانے والے افسران اور ملازمین کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی گئی۔
مقررین نے ان کی ترقی کو ان کی محنت، پیشہ ورانہ خدمات اور ادارے کے لیے ان کی گراں قدر کاوشوں کا اعتراف قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر ٹی ڈی سی پی ورکرز اینڈ سٹاف یونین (CBA) مہر محمد منشاء اور جنرل سیکرٹری محمد عادل سلیم نے خطاب کرتے ہوئے ٹی ڈی سی پی کے ملازمین کو درپیش مختلف مسائل، فلاح و بہبود، سروس سے متعلق امور اور دیگر جائز مطالبات کو ا ، اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونین ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ادارے کی ترقی ، بہتری اور انتظامیہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعاون کے لیے اپنا مؤ ثر کردار ادا کرتی رہے گی۔منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے یونین کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ترقی اور کامیابی میں ملازمین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے ملازمین کو در پیش جائز مسائل اور مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ عاصم رضا نے اس امر پر زور دیا کہ انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور مؤثر رابطہ ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے یونین سے بھی توقع ظاہر کی کہ وہ ادارے کی بہتری، سیاحت کے فروغ اور ٹی ڈی سی پی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملازمین کی فلاح و بہبود، ان کے جائز حقوق کے تحفظ اور ادارے کی ترقی و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھر پور انداز میں ادا کریں گے۔
