ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت اجلاس،ساہیوال ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں کا جائزہ

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت اجلاس میں ساہیوال ڈویژن کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن اضلاع میں صفائی، صاف پانی کی فراہمی، سیوریج و نکاسی آب، شہری خوبصورتی، رہائشی سہولیات اور گورننس کے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ منصوبوں اور حکومتی پروگراموں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے ستھرا پنجاب پروگرام کو حکومت کا فلیگ شپ پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پروگرام کی مؤثر نگرانی، فیلڈ کارکردگی کے باقاعدہ جائزے اور انتظامی امور میں بہتری کو یقینی بنایا جائے تاکہ صفائی کے معیار میں مسلسل بہتری برقرار رکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طویل المدتی کامیابی کے لیے مالیاتی پائیداری ضروری ہے۔ صفائی کی خدمات کے عوض فیسوں کی مؤثر وصولی سے پروگرام کو بتدریج خود کفیل بنانے اور سرکاری خزانے پر مالی دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں روزانہ 3 ہزار 762 ٹن کوڑا کرکٹ پیدا ہوتا ہے، جس میں سے 3 ہزار 751 ٹن جمع کیا جا رہا ہے۔ صفائی کے نظام کے لیے 10 ہزار 279 اہلکار اور 2 ہزار 315 مشینری یونٹس دستیاب ہیں، جبکہ کوڑا کرکٹ کی منتقلی کے 30 مراکز اور 7 ڈمپنگ سائٹس بھی موجود ہیں۔ صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈویژن میں 487 واٹر فلٹریشن پلانٹس میں سے 426 فعال ہیں، جبکہ باقی 61 پلانٹس کی بحالی اور مرمت کے لیے اقدامات جاری ہیں۔اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 7 ہزار 635 گھر تعمیر ہو چکے ہیں، جبکہ 5 ہزار 4 گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 16 ارب 55 کروڑ 90 لاکھ روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک ارب 24 کروڑ 5 لاکھ روپے کی وصولی بھی ہو چکی ہے۔ ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق ساہیوال میں 2 ہزار 832 گھر تعمیر اور ایک ہزار 17 زیرِ تعمیر ہیں، اوکاڑہ میں 2 ہزار 844 گھر تعمیر اور 2 ہزار 154 زیرِ تعمیر ہیں، جبکہ پاکپتن میں ایک ہزار 959 گھر تعمیر اور ایک ہزار 833 زیرِ تعمیر ہیں۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہری سیوریج، بارشی پانی کی نکاسی، گلیوں کی تعمیر، ای بس سروس، مثالی گاؤں، شہری خوبصورتی اور اون سورس ریونیو (OSR) اسکیموں پر بھی غور کیا گیا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے حوالے سے بتایا گیا کہ ڈویژن میں 241 جاری ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن کی مجموعی لاگت 93 ارب 66 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے 12 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس میں گورننس کی بہتری کے لیے ای فائلنگ و ای فواس، ای بز، ریونیو خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، عوامی شکایات کے ازالے اور ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی پروگراموں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے، متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور فیلڈ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button