میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر سیوریج سسٹم کی بحالی اور پیور بلاکس لگانے کے منصوبے جبکہ فقیر کالونی روڈ سے میٹروول روڈ براستہ مومن آباد اور عثمان روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا. اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، سٹی کونسل اراکین، ٹاون چئیرمین جمیل ضیاء، مقبول، عابد ستی، ملک اختر گلیشئر، عمران زرداری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ضلع غربی میں شروع کیے جانے والے ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ نکاسی آب کے نظام میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 69 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جن کی تکمیل سے علاقے کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ میئر کراچی نے بتایا کہ زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ کے منصوبے کے تحت 1600 رننگ فٹ طویل 15 انچ قطر کی سیوریج لائن بچھائی گئی، جبکہ علاقے میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف سائز کی مجموعی طور پر 3400 رننگ فٹ پانی کی لائنیں بھی بچھائی گئیں۔ ان میں 1500 رننگ فٹ 12 انچ، 700 رننگ فٹ 6 انچ اور 1200 رننگ فٹ 4 انچ قطر کی پانی کی لائنیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں 10 ہزار 200 رننگ فٹ کرب بلاکس لگانے کے علاوہ 60 ہزار مربع فٹ رقبے پر 80 ایم ایم موٹائی کے پیور بلاکس بھی نصب کیے گئے، جس سے سڑکوں اور گلیوں کی حالت بہتر ہوئی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت آئی ہے. میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مومن آباد روڈ پر ایک لاکھ 40 ہزار مربع فٹ ویئرنگ کورس کا کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ فقیر کالونی، مومن آباد، میٹروول اور ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سڑکوں کی حالت بہتر ہونے کے ساتھ شہریوں کو نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کی بہتر سہولیات بھی میسر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے تمام علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں بہتری، ترقی، تعمیر، تہذیب اور تمدن کا سفر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رہے گا، اس سال شہر بھر میں 165 سڑکیں ازسرنو تعمیر کی جائیں گی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی طور پر مستحکم کردیا ہے اور آج ادارے کی ماہانہ آمدنی 15 کروڑ روپے سے بڑھ کر 30 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کو ایسا شہر بنائیں جہاں امن ہو، خوف نہ ہو، بھتہ خوری، بوری بند لاشیں اور پہیہ جام کی سیاست نہ ہو بلکہ شہری بلاخوف و خطر کاروبار اور روزگار کرسکیں. میئر کراچی نے کہا کہ آج ضلع غربی اورنگی ٹاؤن میں ایک وعدے کی تکمیل کا دن ہے، زیڈ ایم سی فیملی پارک روڈ پر ترقیاتی کام سے قبل پانی اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنایا گیا، اس کے بعد پیور بلاکس لگائے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی بلدیہ عظمیٰ کراچی ہے جو ماضی میں بھی موجود تھی اور اس کے پاس یہی قانون اور وسائل تھے، تاہم آج قیادت اور کام کرنے کا انداز مختلف ہے۔ ماضی میں شہر کو نظرانداز کیا گیا، لیکن آج کے ایم سی عملی طور پر کام کرتی نظر آرہی ہے اور بہتری کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے آئے ہیں، گلبائی کے علاقے میں بھی سڑک کی کارپٹنگ کا کام جاری ہے جبکہ طوری بنگش کے علاقے میں بھی ایک اہم سڑک تعمیر کی جارہی ہے جو اورنگی ٹاؤن کو ضلع کیماڑی سے منسلک کرے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس شہر میں ہر قوم، زبان اور مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، ہمیں ماضی کے اختلافات اور نفرتوں کو ایک طرف رکھ کر محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ جو کانٹے ہمارے سامنے آئے ہیں انہیں ایک طرف رکھ کر پھولوں کو آگے لانا ہے۔ امن ہوگا تو کاروبار ہوگا اور تعصب ختم ہوگا تو شہر میں بہتری آئے گی۔ لڑائی جھگڑوں سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچتا، ہم ایسا کراچی چاہتے ہیں جہاں کوئی خوف نہ ہو، بوری بند لاشیں نہ ملیں، بھتے کی پرچیاں نہ دی جائیں اور کاروبار کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہ ہوں۔ کراچی کو ترقی دینے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور شہریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کردیا ہے اور ادارے کے مالی وسائل میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ماضی میں کے ایم سی کی ماہانہ آمدنی تقریباً 15 کروڑ روپے تھی جبکہ آج یہ آمدنی بڑھ کر 30 کروڑ روپے ماہانہ ہوگئی ہے۔ اب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اکاؤنٹ میں آمدنی آرہی ہے اور یہ وسائل شہر کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں جو بھی میئر کراچی ہوگا، اسے وہ مالی وسائل میسر ہوں گے جو ماضی میں دستیاب نہیں تھے۔ یہ ہماری کوشش ہے کہ ادارے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے تاکہ شہر کی ترقی کا سفر مستقبل میں بھی جاری رہ سکے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف ٹاؤنز میں ترقیاتی کام ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، اگرچہ بعض معاملات پر ٹاؤن انتظامیہ سے اختلاف ہوسکتا ہے لیکن اس کے باوجود کام کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ ٹاؤن چیئرمین اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مل جل کر کام کریں تو شہری مسائل حل ہوسکتے ہیں اور شہر کی حالت بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ عوام کے کام کرنا ہے، اسی لیے اتوار کے روز بھی ہم عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے میدان میں موجود ہیں۔ ہماری ٹیم دن رات کام کررہی ہے، میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ علی خورشید ان کے بھائی ہیں اور ایک پڑھے لکھے شخص ہیں، تاہم وہ غلط جگہ پھنس گئے ہیں۔ ہماری بنیادی کمٹمنٹ یہ ہے کہ علاقے میں ترقیاتی کام ہونے چاہئیں۔ اگر علی بھائی کی گلی بھی ترقیاتی کاموں کے لیے منتخب ہوئی ہے تو یہ اچھی بات ہے، کیونکہ عوامی مفاد کے کاموں میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ میئر کراچی نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی یکتائی اور یکجہتی کا اظہار صرف دسمبر کے مہینے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ جذبہ پورا سال برقرار رہنا چاہیے۔ گزشتہ روز ہمارا وفد قادر مگسی صاحب سے ملاقات کے لیے گیا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ شہر میں کوئی سڑک بند نہ ہو اور ماضی جیسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ ہم دوبارہ 12 مئی جیسے حالات نہیں چاہتے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم معاملات افہام و تفہیم، بات چیت اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور شہر کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نئی نسل کو امید دینا اور نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کراچی کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ شہر میں امن، خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوسکے۔
Read Next
2 دن ago
مومن آباد فرنٹیئر سے مومن آباد ٹاون روڈ کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے،ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی
3 دن ago
بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
4 دن ago
کراچی کےبلدیاتی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں،کرم اللہ وقاصی
4 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں اولمپئن اصلاح الدین روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا
5 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان چوک کے پارک کی تزئین و آرائش کے بعد منصوبے کا افتتاح کردیا
Related Articles
بلدیہ عظمیٰ کراچی رمضان المبارک سے قبل برنس روڈ کو جدید اور شاندار فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کرے گی،میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
6 دن ago
کلفٹن آدم روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
1 ہفتہ ago




