بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری، کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا ایمن آباد ڈیپو اسٹیشن کا دورہ

بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر تعمیراتی کام تیز رفتاری سے جاری، کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا ایمن آباد ڈیپو اسٹیشن کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ماس ٹرانزٹ میگا پراجیکٹ بی آر ٹی (BRT) یلو لائن کے تحت ایمن آباد ڈیپو اسٹیشن کا دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف تعمیراتی مراحل اور جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر نیسپاک، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیوں، تکمیل کے مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر محمد علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق گوجرانوالہ میں جدید، محفوظ اور عالمی معیار کی سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بی آر ٹی یلو لائن ایک اہم اور تاریخی منصوبہ ہے، جس کی تکمیل سے شہریوں کو جدید ماس ٹرانزٹ سسٹم کی سہولت میسر آئے گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کے روزمرہ سفر کو آسان، آرام دہ اور بااعتماد بنائے گا بلکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سفری وقت کی بچت اور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر دن رات برق رفتاری سے تعمیراتی کام جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنے فرائض انجام دیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کی جائے، کام کے معیار اور مقررہ تعمیراتی تقاضوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام مراحل کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ یہ اہم عوامی منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو کر شہریوں کے لیے فعال بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے بھی متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ گوجرانوالہ کی شہری ترقی اور جدید سفری سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے شہریوں کو محفوظ، معیاری اور منظم پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔

جواب دیں

Back to top button