وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،انسدادِ سموگ اقدامات،ایجنسیز کی کارکردگی اور اینٹی لٹرنگ مہم کا جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران انسدادِ سموگ اقدامات، سُتھرا پنجاب کی ایجنسیز کی کارکردگی اور اینٹی لٹرنگ مہم کا جائزہ لیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ، ڈی جی سُتھرا پنجاب عمر جاوید اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ تمام ضلعی مینجنگ ڈائریکٹرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے موثر مانیٹرنگ اور کُوڑے کی جلد از جلد ڈمپ سائٹس تک منتقلی پر زور ہوئے کہا کہ سموگ سیزن کے دوران معمول سے زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ گندگی کی روک تھام کیلئے اینٹی لٹرنگ مہم کا دائرہ وسیع کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صوبہ بھر میں 10 سے 19 اکتوبر تک 30 ہزار 570 انسپیکشنز کی گئیں اور اینٹی لٹرنگ سکواڈز نے گندگی پھیلانے پر 84 چالان بھی کئے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سیف سٹی نیٹ ورک سے بھی اینٹی لٹرنگ مہم میں مدد لی جا رہی ہے۔ ہر ڈپٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور یوسی سیکرٹری کیلئے دیہات کے وزٹس لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ تین ہزار 941 یوسی سیکرٹریز 23 ہزار 786 دیہات کے دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈپٹی ڈائریکٹر (ایل جی) اپنے ضلع کی یومیہ اور ہفتہ وار رپورٹ اتھارٹی کو بھجوائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہروں میں میونسپل چیف آفیسرز صفائی کے عمل کی نگرانی میں شامل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی پورٹل پر ڈیٹا باقاعدگی کے ساتھ اپ لوڈ کیا جائے۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری ایکشن لیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button