وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران سُتھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر عید کی چھٹیوں میں صفائی انتظامات پر غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے ڈی جی سُتھرا پنجاب کو ہر ضلع کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دوران ہر ضلع میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ شہریوں کی شکایات پر ایکشن لے کر ڈیش بورڈ پر ڈیٹا فوری اپ لوڈ کیا جائے۔ شکایات کے ازالے کا ڈیجیٹل میکانزم مزید بہتر بنایا جائے گا تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ کسی علاقے سے بار بار ایک ہی شکایت آئی تو کنٹریکٹر کے خلاف ایکشن ہوگا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سُتھرا پنجاب کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے۔ الحمداللہ سُتھرا پنجاب پروگرام اب تک عوام اور وزیراعلیٰ کی توقعات پر پورا اترا ہے۔ سُتھرا پنجاب کی پوری ٹیم کو یہی جذبہ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ اتھارٹی کے قیام سے تحصیل سطح پر مانیٹرنگ مزید موثر ہوگی۔

اجلاس میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے تناظر میں مانیٹرنگ سسٹم پر نظرِثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تقاضوں کے مطابق پیشگی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ڈی جی سُتھرا پنجاب کو مختلف علاقوں کے دورے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں پر بھی شہروں جیسی توجہ دی جائے۔ اجلاس کے دوران ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔






