پی ڈی پی کے تحت مزید 2 شہروں کیلئے ورک ایوارڈ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس 310 ارب روپے لاگت کی سکیموں کا جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 52 شہروں میں برساتی پانی کی سٹوریج کے لئے 67 انڈر گرائونڈ ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ مون سون سے پہلے ڈرینز کا کام پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے جس میں پی ڈی پی کے تحت 51 شہروں میں 310 ارب روپے مالیت کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر احمر سہیل کیفی نے پی ڈی پی میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ مزید 2 شہروں کیلئے ورک ایوارڈ کر دیا گیا ہے یوں شہروں کی کُل تعداد 48 ہوگئی ہے۔ باقیماندہ 3 شہروں کی سکیموں پر ماہ رواں مارچ میں کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شامل آخری شہر کھاریاں کیلئے فنڈز پی اینڈ ڈی کو منتقل کر دیے ہیں۔ کھاریاں کیلئے فزیبلٹی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز سائٹس کے دورے کریں۔ میں خود بھی مختلف شہروں کے دورے کر رہا ہوں۔ انڈر گرائونڈ واٹر ٹینک کی تکمیل ہماری ترجیح ہے۔ذیشان رفیق نے کہا کہ خوشاب 6، جوہرآباد 7 اور بھلوال میں 5 روڈ سائیڈ ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ بھیرہ 2، سلانوالی 8 اور ساہیوال میں 3 انڈر گرائونڈ ٹینک بنائیں گے۔ اسی طرح جلالپور جٹاں ایک، لالہ موسیٰ 5، کھاریاں میں 2 ٹینک بنا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پھالیہ 3، کامونکی میں 19 سٹوریج ٹینکس کیلئے کام شروع کر دیا گیا۔ وزیر آباد 9 اور علی پور چٹھہ میں 7 زیر زمین ٹینک بنائے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پتوکی ایک، کوٹ رادھا کِشن میں 10 انڈر گرائونڈ ٹینکس کیلئے کھدائی ہوگئی۔ اسی طرح پھولنگر، کھُڈیاں خاص 4، 4، بھکر 5 اور میانوالی میں 6 ٹینکس بنیں گے۔ میانوالی 6، وہاڑی 5 اور میلسی میں 7 ٹینکس کیلئے کھدائی ہوگئی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ بوریوالہ/ گگومنڈی کیلئے 9 جبکہ خانیوال میں 11 زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینکس بنائیں گے۔ عبدالحکیم 6، میاں چنوں 3 ، کبیروالہ کیلئے بھی 6 ٹینکس بن رہے ہیں۔ ٹی ٹی سنگھ، کمالیہ 6، 6، گوجرہ میں 10 انڈر گرائونڈ ٹینک بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ 13، تاندلیانوالہ 7، چک جھمرہ میں 5 سڑک کنارے ذخیرے بنیں گے۔ سانگلہ ہل 4، پنڈی بھٹیاں میں 6 زیر زمین واٹر ٹینکس کیلئے کھدائی ہوگئی۔ اسی طرح ڈسکہ 7، پسرور 2، سمبڑیال میں 12 برساتی پانی ذخیرہ کرنے کے ٹینک بنیں گے۔ نارووال 7، رینالہ خورد 3، دیپالپور 3، شکر گڑھ کیلئے 12 ٹینکس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مریدکے 5، اٹک/ حضرو 3، 3 اور کوٹ عبدالمالک میں 13 ٹینک بنیں گے۔ فیروزوالہ 14، کوٹ ادو 4، لیہ 6، بہاولنگر ایک، لودھراں میں 7 ٹینک بنائے جائیں گے۔ چیچہ وطنی 7 ، حاصلپور میں 3 ایسے ہی برساتی ذخیرے تعمیر ہونگے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے پی ڈی پی میں اب تک 13 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ کھدائی والی سائٹس کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکشن، جیٹنگ، ڈی سلٹنگ مشینوں، ڈی واٹرنگ سیٹ کیلئے 6.6 ارب مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر پر زور دیا کہ وہ پی ڈی پی کے لئے جاری ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

Back to top button