لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، فیز ٹو کا جائزہ،فیز ٹو کے تھرڈ پارٹی سروے،فیز ون کی بچت کو بھی ایل ڈی پی میں استعمال کرنے کا فیصلہ

وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی طرف سے قائم کی گئی لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی نے ایک اجلاس کے دوران پروگرام کے فیز ٹو میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کے کنوینر/ وزیر بلدیات ذیشان رفیق، ارکان وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک اور معاون خصوصی راشد نصراللہ نے شرکت کی۔ایڈمنسٹریٹر/ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز ٹوانہ اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

سٹیئرنگ کمیٹی نے فیز ٹو کے تین زونز میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) اور واسا کو اگلے مون سون سے پہلے پہلے کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ایل ڈی پی فیز ٹو میں اب تک 3273 گلیاں اور سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید 3360 گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام اسی ماہ شروع ہو جائے گا۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر کو فیز ٹو کے علاقوں میں تھرڈ پارٹی سروے کی ہدایت کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ فیز ون کی سکیموں میں ہونے والی بچت کو ایل ڈی پی میں ہی استعمال کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مکمل شدہ گلیوں میں کسی فرد یا سرکاری محکمے کو توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں۔ خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایل ڈی پی فیز ون کے چیلنجز سے سیکھ کر فیز ٹو میں آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈی پی لاہور کے پسماندہ علاقوں کے لئے ریلیف کا باعث بنا ہے۔ ایل ڈی پی کی طرح وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک نے زور دیا کہ رفتار کے ساتھ معیار اور شفافیت کا بھی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واسا اور ایم سی ایل کے اچھے ٹیم ورک کے ساتھ فیز ون پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی راشد نصراللہ نے کہا کہ نئی آبادیوں کی گلیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وہاں بھی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی پی کے تحت مزید درجنوں آبادیوں کو سیوریج سسٹم مہیا کیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button