سندھ حکومت نے ہولی ویک اور ایسٹر کے موقع پر امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی

سندھ حکومت نے ہولی ویک اور ایسٹر کے موقع پر امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔صوبائی وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کے مطابق مسیحی برادری کے مقدس ایام کے احترام میں تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 2 تا 6 اپریل 2026 کے دوران کوئی بھی امتحان شیڈول نہ کیا جائے۔یہ فیصلہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا، جو سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی کے پرنسپل ریورنڈ فادر ماریو اے روڈریگز کی درخواست پر عمل میں لایا گیا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کے احترام میں امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کا حکم دیا تھا۔اس فیصلے کے تحت جمعرات 2 اپریل سے 6 اپریل 2026 تک کوئی پرچہ نہیں لیا جائے گا۔ تمام ملتوی شدہ یا نئے شیڈول کے مطابق امتحانات اب 7 اپریل 2026 بروز منگل سے دوبارہ شروع ہوں گے۔جن تعلیمی بورڈز نے پہلے سے ٹائم ٹیبل جاری کر رکھا ہے، وہ فوری طور پر ضروری ترامیم کر کے نیا شیڈول جاری کریں۔صوبائی وزیر کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور اقلیتی طلبہ و اساتذہ کو مذہبی تہواروں کے دوران سہولت فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

Back to top button