کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ایس ایس پی ٹریفک مرزا بلال حسن، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ،صدر انجمن تاجران رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری یاسین مینگل سمیت میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو خریداری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران نو پارکنگ شاہراہوں پر شام 6 بجے کے بعد پارکنگ کی اجازت ہوگی، تاکہ انجمن تاجران اور عوام کو خریداری میں آسانی میسر آ سکے۔

اجلاس میں عبدالستار روڈ پر نو پارکنگ کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں، جبکہ لیاقت بازار میں ریڑھیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اس لیے ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے ٹریفک کی روانی بہتر ہو، شہریوں کو سہولت ملے اور تاجروں کی کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button