وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نیپا چورنگی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کے فور آگمینٹیشن پروجیکٹ اور کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) ریڈ لائن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والی رکاوٹیں دور کی جائیں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر آبپاشی جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کےفور آگمینٹیشن اسکیم پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 2.7 کلومیٹر پر مشتمل یہ منصوبہ شہر کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔مراد علی شاہ نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں اور تاخیر کا سبب بننے والی رکاوٹیں دور کریں۔ وزیر اعلیٰ نے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل اور دیگر شہری مسائل کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے۔وزیر اعلیٰ نے علاقے میں صفائی کی صورتحال، نکاسی آب کے انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ بلدیات کو شہر میں باقاعدہ صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
*بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ*
:راستے میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ سندھ کابینہ کی جانب سے ٹھیکیداروں کے اہم دعووں کی ادائیگی کے لیے 4.8 ارب روپے کی عبوری رقم کی منظوری کے بعد کام کی رفتار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ٹھیکیداروں کو ہدایت دی کہ مئی 2026 تک مکسڈ ٹریفک لینز کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ نے ٹینک چوک سے صفورا تک مکسڈ ٹریفک لین پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت دی اور کنگ کاٹیج فلائی اوور اور ہائیڈرنٹ انڈر پاس پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ موسمیات فلائی اوور اور جامعہ کراچی ایلیویٹڈ یو ٹرن پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حسن اسکوائر سے جیل چورنگی تک مکسڈ ٹریفک لین کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی۔وزیر اعلیٰ نے ملیر ہالٹ ڈپو کی تعمیر کا جائزہ لیا، جس کا آغاز 15 جنوری 2026 کو ہوا اور جس کی تکمیل کا ہدف جنوری 2027 مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ کابینہ ملیر ہالٹ ڈپو تک رسائی سڑک کے لیے فنڈنگ کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوں نے سابق علاؤالدین پارک کی 18 ایکڑ اراضی کا بھی معائنہ کیا، جو ڈپو کی تعمیر کے لیے لیز پر دی گئی ہے اور جہاں ترقیاتی سرگرمیاں باضابطہ طور پر شروع ہو چکی ہیں۔ دونوں ڈپوز پر تعمیراتی کام جاری ہے۔وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بروقت تکمیل کے ساتھ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبہ کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔






