وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر واسا پنجاب میں عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے ای پورٹل کا افتتاح کردیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ای پورٹل کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ چیئرمین پنجاب واسا چودھری شیر علی خان، پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل بھی ہمراہ تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار تمام اضلاع کے فیلڈ آپریشن کی ڈیجیٹل نگرانی یقینی بنائی گئی ہے۔ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور 1334 ہیلپ لائن سے شکایات کا بروقت ازالہ ہوسکے گا۔ ایک پورٹل سے مین ہولز کی جیو ٹیگنگ اور اوپن میں ہول ڈٹکشن سسٹم کی بھی مانیٹرنگ ممکن بنائی جائے گی۔ صوبہ بھر میں ابتدائی مرحلے میں واسا کے 3 ہزار سے زائد اوپن مین ہولز کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 15 اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کیلئے سیوریج لائنیں اور ڈسپوزل اسٹیشنز بنائے جارہے ہیں۔ تمام اضلاع میں 937 جدید مشینری اور گاڑیوں کی فراہمی سے بروقت نکاسی آب اور روزمرہ مسائل کا تدارک ہوسکے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اربن فلڈنگ کے خدشات ہر قابو پانے کیلئے اتنے فنڈز مہیا کیے ہیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نور الامین مینگل نے بتایا کہ پنجاب میں 3 ہزار فلٹریشن پلانٹس سکولوں میں لگائے جائیں گے، حکومت پنجاب آلودہ پانی سے پیدا ہونیوالی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی یے۔ ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں صاف پانی کی فراہمی کا اہم کردار ہے۔اس سال پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب واسا طیب فرید، ایم ڈی واسا لاہور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔






