ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا تحصیل کینٹ کا تفصیلی دورہ،فیلڈ مانیٹرنگ اور محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ

وزیراعلیٰ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور متحرک ہے، جس کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل کینٹ کا تفصیلی دورہ کر کے فیلڈ مانیٹرنگ اور محکمانہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ ڈی سی لاہور نے طارق شہید روڈ پر صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا

اور میاں میر ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی کا خود مشاہدہ کیا، جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے انہیں تحصیل کے انتظامی امور اور جاری مہمات پر مفصل بریفنگ دی۔ ڈی سی لاہور نے واضح ہدایات جاری کیں کہ طارق شہید روڈ سمیت شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر صفائی کے بہترین معیار کو برقرار رکھا جائے اور سڑکوں کی مشینی و دستی صفائی روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک کے "پیک آورز” شروع ہونے سے قبل مکمل کر لی جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو۔ میاں میر ہسپتال کے دورے کے دوران انہوں نے انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو حکم دیا کہ مریضوں کے لیے ضروری ادویات کی سو فیصد دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے کیونکہ صفائی اور صحت عامہ کے اقدامات ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ حالیہ موسمی صورتحال کے پیش نظر، ڈی سی لاہور نے بارشوں کے دوران شہر میں "زیرو پونڈنگ” کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے لیے مربوط نکاسی آب کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کا اولین ہدف لاہور کو صفائی اور خوبصورتی کا ایک ایسا مثالی ماڈل بنانا ہے جو اس کے تاریخی ورثے سے ہم آہنگ ہو اور اس بیوٹیفکیشن مہم کی رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کو ایک صحت مند ماحول فراہم کیا جائے گا۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے براہ راست رابطہ نمبر 03070002345 بھی جاری کر دیا ہے جس پر شہری سوشل میڈیا یا کال کے ذریعے اپنی تجاویز اور شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button