ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ر علی اعجاز کاسڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک کیلئے مقامات کی فہرست تیار کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر کی میونسپل سروسز اور انفراسٹرکچر میں انقلابی بہتری لانے کے لیے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی سی لاہور نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر، ایل ڈی اے، ایم سی ایل اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہر میں ٹریفک کے بہاؤ اور تعمیراتی ڈھانچے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت ڈی سی لاہور نے ٹریفک پولیس کو سخت ہدایت جاری کی کہ وہ شہر بھر میں ایسے مقامات اور چوکوں کی فوری نشاندہی کریں جہاں ٹریفک کا دباؤ زیادہ رہتا ہے تاکہ ان کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ ان ایریاز کی درست نشاندہی اور مسائل کے حل سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ ٹریفک حادثات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ مزید برآں، ضلعی انتظامیہ لاہور نے سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک کے لیے مقامات کی فہرست تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے تاکہ شہریوں کا سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔ اجلاس میں مخدوش اسٹریٹ لائٹس، پیدل چلنے والوں کے راستوں اور فلائی اوورز کی حالتِ زار کو بہتر بنانے کے لیے بھی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت دی گئی۔ ڈی سی لاہور نے زور دیا کہ لاہور کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے گرین بیلٹس کی بحالی ناگزیر ہے، جس کے لیے تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الادارہ تعاون ہی گڈ گورننس کی بنیاد ہے اور ضلعی انتظامیہ لاہور کے شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button