عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں گرینڈ صفائی آپریشن کی مثالی کامیابی کے بعد وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی اپنے حلقہ انتخاب ڈسکہ آمد پر سٹی صدر مسلم لیگ (ن) ڈسکہ محمد افضل منشاء کی جانب سے کیمپ آفس ڈسکہ میں پرتپاک استقبالیہ دیا گیا۔محمد افضل منشاء کی قیادت میں سینئر لیگی رہنماؤں، پارٹی عہدیداران، یوتھ وِنگ، علمائے کرام، وکلاء، انجمن تاجران، پریس کلب رجسٹرڈ ڈسکہ، ستھرا ہیروز، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیر بلدیات کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر گھوڑے کا رقص پیش کیا گیا، بینڈ باجے کی دُھن میں پھولوں کے ہار پہنائے گئے، پتیاں نچھاور کی گئیں اور مختلف وفود کی جانب سے گلدستے پیش کیے گئے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، سول سوسائٹی اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔شرکاء نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات پر وزیر بلدیات اور ستھرا پنجاب ٹیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ وکلاء برادری، انجمن تاجران اور محمد افضل منشاء کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔اپنے خطاب میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا عملی مظہر ہے جس کی کامیابی کو آج ملک و بیرونِ ملک سراہا جا رہا ہے۔” انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران بہترین صفائی انتظامات وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی نگرانی اور تمام ورکرز کی دن رات محنت کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں 50 ارب روپے کی لاگت سے صرف 8 بڑے شہروں میں محدود پیمانے پر صفائی کا نظام موجود تھا، جبکہ آج ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام شہروں اور 25 ہزار سے زائد دیہاتوں میں ویسٹ کولیکشن اور صفائی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے تقریباً دو لاکھ افراد کو باعزت روزگار بھی میسر آیا ہے۔

وزیر بلدیات نے ڈسکہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پورے شہر کی تعمیر و ترقی یکساں انداز میں ہو، اسی لیے مختلف علاقوں میں بیک وقت ترقیاتی کام جاری ہیں اور شہریوں کی سہولت و حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر بلدیات نے کہا کہ اگر ایک ایک گلی یا سڑک کا کام شروع کرکے مکمل کریں پھر کئی سال لگ جائیں گے لیکن میں پورے ڈسکہ شہر کی تعمیر نو کرنا چاہتا ہوں جن میں تمام گلیاں، سڑکیں اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں اس لئے بیک وقت پورے شہر میں کام جاری ہیں،آخر میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے شاندار استقبال پر محمد افضل منشاء، سینئر لیگی رہنماؤں، کارکنان اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور اپنی بھرپور خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






