وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں ایک اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ یونین کونسلز میں بیٹ Beat سسٹم پر 92 فیصد عملدرآمد ہوگیا ہے جبکہ 20 میونسپل کمیٹیز کی بھی ڈیجیٹل میپنگ ہوگئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ڈی جی سُتھرا پنجاب عمر جاوید اجلاس میں موجود تھے جبکہ تمام اضلاع کے ایم ڈی سُتھرا پنجاب ایجنسیز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بیٹ سسٹم اور مائیکرو پلان سٹیٹس کی ڈیجیٹل میپنگ کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے دو روز کے اندر ڈیجیٹل میپنگ کا 100 فیصد کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میپنگ سے دور دراز کے علاقوں کی مانیٹرنگ میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز (ایف ایم او) روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ یونین کونسل کا دورہ کریں۔ ناقص کارکردگی والے ایف ایم اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹ سٹاف کے نام اور فون نمبر پر مشتمل فلیکسز نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف جلد تمام فیلڈ سٹاف کا ڈیٹا ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا افتتاح کریں گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اس ڈیٹا کے ذریعے شہریوں کو معلوم ہوگا کہ ان کے علاقے میں کون سا ورکر کام کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے ہر علاقے میں لوڈر رکشوں پر میگافون سے ویسٹ کولیکشن کے اعلانات کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بارشوں کے بعد سڑک کنارے جمع ہونے والی گرد کی صفائی پر خاص توجہ دی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہیلپ لائن یا ایپ پر موصولہ شکایات پر ایکشن کا سسٹم مزید مستحکم بنانا ہوگا۔






