سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود کی زیر صدارت اجلاس،اے ڈی پی 2026-27 کی 428سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ

سیکرٹری بلدیات پنجاب زید بن مقصود کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت، منصوبوں کی مانیٹرنگ، انجینئرنگ نظام میں اصلاحات اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنانے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ مہرین فہیم عباسی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 میں مجموعی طور پر 428 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن میں 406 جاری جبکہ 22 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اے پی ڈی 2026-27 کیلئے مجموعی طور پر 115 ارب 55 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کیلئے 55 ارب روپے سے زائد لاگت کے 20 منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں کے ذریعے لاہور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔اجلاس کو مری ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت 88 ترقیاتی اسکیمیں شامل ہیں، جن کیلئے مجموعی طور پر 9 ارب روپے کی لاگت مقرر کی گئی ہے۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کیلئے جامع مانیٹرنگ میکنزم وضع کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس ضمن میں ترقیاتی اسکیموں کی مانیٹرنگ کیلئے موجودہ انجینئرنگ نظام میں ضروری اصلاحات کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا تاکہ منصوبوں کی رفتار، معیار اور مقررہ اہداف پر مؤثر انداز میں نظر رکھی جا سکے۔سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی سپرویژن کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہ رہے بلکہ فیلڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے۔زید بن مقصود نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے معیار کو جانچنے کیلئے فیلڈ انسپیکشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور متعلقہ افسران منصوبوں کی سائٹس کا باقاعدگی سے دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مانیٹرنگ کے ذریعے تعمیراتی کاموں کے معیار، منصوبوں کی رفتار اور مختص فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔سیکرٹری بلدیات نے واضح کیا کہ تمام جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمیں مقررہ مدت اور منظور شدہ بجٹ کے اندر مکمل کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں فوری طور پر دور کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور جدید انجینئرنگ و مانیٹرنگ نظام کے ذریعے منصوبوں کے مطلوبہ نتائج یقینی بنائے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button