صفائی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور سزا کے لئے ای چالان کا آغاز کر دیا گیا

شہر لاہور میں کوڑا پھیلانے والوں کے لیے ستھرا پنجاب لاہور کی جانب سے اہم اقدام کر لیا گیا۔شہر بھر میں صفائی برقرار رکھنے کے لیے ستھراپنجاب لاہور اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کے ذریعے ای چالان کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے لبرٹی چوک پر آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)علی اعجاز اور سی ای او شہریار عارف خان نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ شہر میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کو یکم ستمبر 2026 سے ای چالان کے ذریعے وارننگ دینے کا آغاز کر دیا گیا۔شہر کی سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں ستھرا پنجاب لاہور اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کے دستے گشت پرتعینات کر دئیے گئے ہیں۔موثر صفائی انتظامات کے تحت کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف پہلی بار کاروائی کی بجائے وارننگ اور آگاہی دی جائے گی۔جبکہ صفائی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کوڑا کرکٹ سڑکوں پر پھینکنے اور جلانے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ ستھرا پنجاب لاہور اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کوپنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور ستھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ 2026 کے تحت کارروائی عمل میں لانےپر مامور کیا گیا ہے۔جس کے تحت عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے پر 1,000 روپے سے لیکر 10,000 روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر صفائی نہ رکھنے پر 1,000 روپے سے لیکر 50,000 روپے تک جرمانہ بھی کیا جائے گا۔دکانوں اور شاپنگ مالز میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز پر 1,000 روپے سے 2,000 روپے تک جرمانہ ہونگے،جبکہ کوڑے کو آگ لگانے پر 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 2 سال تک قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔مزید برآں فیکٹری یا انفرادی طور پر ٹائر جلانے پر 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور 7 سال تک قید بھی ہو سکتی ہے۔نظام میں شفافیت کے لیے تمام جرمانوں کی رقم صرف بینکنگ یا ڈیجیٹل طریقہ کار سے جمع کروائی جا سکے گی۔کسی بھی اہلکار کو نقد رقم جمع کروانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا مزید کہنا ہے کہ اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کا مقصد شہر کو ویسٹ فری بنانا ہے۔اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کی شہریوں کو کوڑا کرکٹ کی محفوظ منتقلی اور قوانین سے متعلق آگاہی ایکٹیویٹیز بھی جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button