ورلڈ بینک کے ٹیکنیکل مشن کی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود سے ملاقات

ورلڈ بینک کے ٹیکنیکل مشن نے پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود سے ملاقات کی، جس میں پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام (PICP) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، پروگرام کی پیش رفت اور آئندہ کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں شہری انفراسٹرکچر، واٹر سپلائی، ڈرینیج، ویسٹ واٹر مینجمنٹ اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم ڈی پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) سید زاہد عزیز نے پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کے مختلف اجزا، جاری منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی سی پی کے تحت شہری ترقیاتی فریم ورک پر کام جاری ہے اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت تسلی بخش ہے۔ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کے لیے زمین کی نشاندہی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے

۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ پی آئی سی پی کے تمام ترقیاتی اہداف مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور معیار کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ میونسپلٹیز کی مقامی آمدن بڑھانے کے لیے دستیاب فنڈز کا مؤثر استعمال کیا جائے تاکہ شہری اداروں کی مالی استعداد بہتر بنائی جا سکے اور میونسپل سروسز کی پائیداری یقینی ہو۔زید بن مقصود نے بجلی کے اخراجات میں کمی کے لیے جدید انرجی مینجمنٹ پلان نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل اداروں میں توانائی کے مؤثر استعمال اور اخراجات میں کمی کے لیے قابلِ عمل اقدامات کیے جائیں۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ پی آئی سی پی کے تحت شہری ترقیاتی فریم ورک پر کام کی رفتار تسلی بخش ہے تاہم تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ ضروری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 14 شہروں میں ڈرینیج منصوبوں پر عملی کام رواں سال نومبر میں شروع ہوگا، جبکہ پروگرام کے تحت شہریوں کو 4 لاکھ 74 ہزار سے زائد واٹر کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز نے مزید بتایا کہ چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین، پاکپتن اور راجن پور میں واسا کے قیام کے بعد نیا کانسیپٹ پیپر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ان شہروں میں واٹر سپلائی، سیوریج اور دیگر شہری خدمات کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت، وسائل کے مؤثر استعمال اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ پروگرام کے ثمرات براہ راست شہریوں تک پہنچ سکیں۔ملاقات میں ورلڈ بینک کے ٹیکنیکل مشن کے ارکان، ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و پی ایم ڈی ایف سی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button