حکومتِ پنجاب نے تاریخی مصالحہ بازار (اکبری منڈی)کی بحالی کا منصوبہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے سپرد کر دیا۔ڈائریکٹر جنرل، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب نے حکومتِ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر دہلی دروازہ سے اکبری دروازہ تک جاری اکبری منڈی کی بحالی کےمنصوبے کے مقام کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس منصوبے کا مقصد پیدل چلنے والوں کے لیے راستوں میں بہتری، تاریخی عمارتوں کی بحالی، اور اس صدیوں پرانے تجارتی مرکز میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ منصوبہ 19 مئی 2025 کو منظور ہوا ۔ جبکہ اس کی لاگت 1,005.39 ملین روپے ہے اور اسے جون 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ڈبلیو پی نے اس منصوبے کی منظوری 25 اپریل 2025 کو دی، جو ورثے کے اہم مقامات کے تحفظ کے لیے حکومتِ پنجاب کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے بتایا کہ اس منصوبے کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پیکیج 1 (231.2 ملین روپے) دہلی گیٹ سے گڑ منڈی چوک تک عمارتوں کے بیرونی حصوں کی مرمت اور الیکٹرک و پی ٹی سی ایل کے کاموں پر مشتمل ہے، جس میں 273 املاک اور تقریباً 115 دکانیں شامل ہیں۔پیکیج 2 (218.8 ملین روپے) گڑمنڈی سے اکبری دروازہ تک سڑک، پارکنگ اور ڈرینیج کے نظام کی بہتری پر مبنی ہے، جس سے 203 املاک اور تقریباً 260 دکانوں کو فائدہ ہوگا۔ اس میں 200 فٹ سڑک اور 1,200 فٹ پارکنگ ایریا بھی شامل ہوگا۔پیکیج 3 (339.1 ملین روپے) اکبری بازار میں انفراسٹرکچر، روشنی، الیکٹرک اور پی ٹی سی ایل سروسز کی بہتری پر مشتمل ہے، جو 329 املاک اور تقریباً 420 دکانوں کے لیے مفید ہوگا۔

پیکیج 4 (100.5 ملین روپے) میں اکبری دروازہ کی دوبارہ تعمیر شامل ہے، جو 37 فٹ بلند ہوگا اور اس میں روشنیاں بھی نصب کی جائیں گی۔ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی نے کہا کہ اکبری منڈی صدیوں سے مصالحہ جات اور روایتی اشیاء کی خرید و فروخت کا اہم مرکز رہی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ عمارتوں کی خستہ حالی، رش اور بے ہنگم تاروں کی وجہ سے علاقہ متاثر ہوا۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے تحت یہ منصوبہ تاریخی ورثے کی بحالی، انفراسٹرکچر کی بہتری، آمدورفت میں سہولت اور سیاحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب لاہور کے ورثے اور ثقافت کے تحفظ، اور شہر کو اس کی اصل شان میں واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔ تمام متعلقہ محکمے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے متحرک ہیں تاکہ لاہور کو ماضی کی طرح دوبارہ زندہ و جاذبِ نظر بنایا جا سکے۔ حکومتِ پنجاب کا یہ اقدام سیاحت میں اضافے اور شہر کے تاریخی حسن میں نکھار کا سبب بنے گا۔






