*وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے”بلڈ پاکستان 2025 – لیٹس بلڈ ٹوگیدر” تین روزہ نمائش و کانفرنس کا لاہور ایکسپو سینٹر میں افتتاح کر دیا*

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے "بلڈ پاکستان 2025 – لیٹس بلڈ ٹوگیدر” کے عنوان سے بین الاقوامی تعمیراتی صنعت کی تین روزہ نمائش و کانفرنس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس ایونٹ کا انعقاد وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور فیکٹ ایگزیبیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر کیا ہے، جس کا مقصد تعمیری صنعت میں پبلک و پرائیویٹ شعبہ جات کے قائدین، نئے آئیڈیاز کے حامل ماہرین اور پالیسی سازوں کو یکجا کرنا ہے، تاکہ پاکستان میں پائیدار رہائشی حل، شہری ترقی اور سمارٹ کنسٹرکشن کے مستقبل پر غور کیا جا سکے۔افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز مہمان خصوصی نے ربن کاٹ کر کیا جس کے بعد وفاقی وزیر نے ایگزیبیشن ہالز کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجیز، پائیدار میٹریل اور کم لاگت تعمیراتی حل پیش کرنے والے اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی۔ اپنے خطاب میں وزیر نے پاکستان کے رہائشی بحران پر قابو پانے کے لئے حکومتی پختہ عزم، دس ملین سے زائد گھروں کی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے، جدید پالیسیوں، پائیدار ترقی اور پبلک-پرائیویٹ شراکت داری کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت رہائشی فنانس کی وسعت، شراکت داری کے مواقع کی فراہمی اور شاملاتی و جامع پالیسیاں تشکیل دینے کے لئے پُرعزم ہے۔ کانفرنس کے نمایاں شرکاء میں سی ای او فیکٹ ایگزیبیشنز جناب سلیم خان تنولی، سابقہ وفاقی سیکرٹری ہاؤسنگ و ڈی جی والڈسٹی لاہور اتھارٹی، جناب کامران لاشاری، جناب ندیم خورشید اربن ڈیویلپمنٹ اسپیشلسٹ،پرو ریکٹر نمل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سفیر اعوان شامل تھے۔کانفرنس کے پہلے روز شہری منصوبہ سازی کے ممتاز ماہرین کی تقاریر اور پینل ڈسکشنز میں پائیدار شہری ترقی اور اسمارٹ گرین کنسٹرکشن جیسے مسائل پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ وزیر نے قومی ہاؤسنگ پالیسی 2025 کی آئندہ نمایاں نکات بھی پیش کیے، جن میں ہاؤسنگ فنانس اصلاحات، انرجی ایفیشنٹ ڈیزائن اور شعبہ جاتی ہم آہنگی کو ترقی کے بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تمام سرمایہ کاروں، ڈویلپرز، مالیاتی اداروں، ٹیکنالوجی ایکسپرٹس اور ماہرین تعلیم کو حکومتی ویژن کے مطابق قابل عمل حل تیار کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ‘بلڈ پاکستان 2025’ پلیٹ فارم علم کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے لئے شراکت داری کا شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔یہ نمائش اور کانفرنس یکم نومبر 2025 تک جاری رہے گی، جس میں تکنیکی سیشنز، نیٹ ورکنگ اور مشترکہ سرگرمیوں کا تفصیلی ایجنڈا موجود ہے۔

جواب دیں

Back to top button