محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے کالجز میں ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے موسمِ سرما کے دوران “اسپورٹس ویک” منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ سیکریٹری کالجز ندیم میمن کی زیر صدارت لاڑکانہ اور میرپورخاص ریجنز کے علحیدہ علحیدہ اجلاسوں میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ نوید رب صدیقی، ڈائریکٹر کالجز لاڑکانہ پروفیسر الطاف حسین ابڑو، ڈائریکٹر کالجز میرپورخاص سمیت محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں دونوں ریجنز کے کالجز کی تعلیمی، انتظامی اور ہم نصابی سرگرمیوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے، کیونکہ کھیل اور مثبت سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ موسمِ سرما کے دوران تمام ریجنز میں کھیلوں کے شیڈول جاری کیے جائیں، جن میں فٹبال، کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس اور دیگر مقابلے شامل ہوں۔ سیکریٹری کالجز نے کہا کہ کھیل جیسی سرگرمیاں نوجوانوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کرتی ہیں، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور قیادت کے اوصاف پیدا کرتی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اسکرین ٹائم کم کرنے کی تلقین کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے، ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کالجز میں کاؤنسلنگ سیشنز منعقد کیے جائیں، طلبہ میں مطالعے کا رجحان پیدا کرنے کے لیے روزانہ ایک کلاس لائبریری کی لی جائے جبکہ کالجز میں تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے تقریری، مضمون نویسی اور ڈرامیٹک سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔

لاڑکانہ ریجن کی صورتحال
اجلاس میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ ریجن میں ضلع لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور کندھ کوٹ کے اضلاع کے کالجز شامل ہیں۔ ریجن میں 37 فعال کالجز میں مجموعی طور پر 59,411 طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ 7 کالجز میں چار سالہ ڈگری پروگرام جاری ہیں جو شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور سے منسلک ہیں۔
میرپورخاص ریجن کی صورتحال
اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ میرپورخاص ریجن میں میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے اضلاع شامل ہیں۔
ریجن کے 33 فعال کالجز میں 38,761 طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جن میں 12 میل، 12 فیمیل اور 9 کوایجوکیشن کالجز شامل ہیں۔ سال 2020 سے 2025 کے دوران 15 نئے کالجز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 6 کالج ہاسٹلز فعال حیثیت میں طلبہ و اساتذہ کو رہائش فراہم کر رہے ہیں۔ سیکریٹری کالجز ندیم میمن نے مٹھی اور تھرپارکر کے کالجز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے مثالی انداز میں فعال ہیں اور یہاں کے طلبہ یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹس میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے آخر میں ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ تعلیمی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔






