حکومت سندھ نے توانائی کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت قائم کفایت شعاری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار اور مکیش کمار چاولہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر وسائل کے بہتر انتظام سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سرکاری افسران کو فراہم کیے جانے والے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کیا جائے گا۔ البتہ آپریشنل گاڑیاں، پولیس موبائلز، ایمبولینسز، فائر بریگیڈ اور دیگر ضروری گاڑیاں اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گی۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی تاکہ ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو روکا جا سکے۔ سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن (جی اے) کو سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کمیٹی کو رپورٹ پیش کریں۔ گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں کے نمبرز اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لیے ایک باقاعدہ پروفارما بھی تیار کیا جائے گا۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر کوئی محکمہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لیا جا سکے گا۔ اس عمل کی نگرانی کے لیے سیکریٹری جی اے اور سیکریٹری ایکسائز پر مشتمل ایک مانیٹرنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو گراؤنڈ ہونے والی گاڑیوں کی مکمل فہرست مرتب کرے گی۔
اجلاس میں حکومتی منصوبوں کے لیے مختص گاڑیوں، یعنی پروجیکٹ وہیکلز، کی چھان بین اور ان کی ریکوری کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے ہدایت دی کہ تمام پروجیکٹ وہیکلز کی تفصیلات حاصل کر کے انہیں جلد از جلد ریکور کیا جائے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے۔ مزید برآں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری دفاتر ہفتے میں چار دن معمول کے مطابق کھلیں گے جبکہ جمعے کے روز ورک فرام ہوم کیا جائے گا۔ اسی طرح صوبے بھر کے اسکول 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گے تاہم امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور انہیں ملتوی نہیں کیا جائے گا۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے اور تمام محکموں کو کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔






