نہر خیام کلفٹن کی بحالی اور سیوریج کے پانی کی ڈائیورژن کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا،وزیر بلدیات سندھ

وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نہر خیام کلفٹن کی بحالی اور سیوریج کے پانی کی ڈائیورژن کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا، جس کے بعد علاقے میں تعفن اور بیماریوں کے پھیلاؤ میں کمی کے ساتھ ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نہر خیام کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں وہ علاقہ مکینوں کی جانب سے جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے پہنچے تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نہر خیام کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کی شکایات پر موقع پر آکر کام کا معائنہ کیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہر خیام کی بحالی کا منصوبہ محکمہ بلدیات سندھ کا ہے، جس کے تحت نالے کو کورڈ کیا جا رہا ہے اور سیوریج کے پانی کی ڈائیورژن کے انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ علاقے میں گندے پانی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ منصوبے کا مقصد صرف نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا نہیں بلکہ نہر خیام کو خوبصورت بنانا اور علاقے کے ماحول کو خوشگوار بنانا بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے صاف پانی کی نہر تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ نہر کے اطراف سبزہ اگانے اور شجرکاری کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں پھیلنے والے تعفن اور بیماریوں سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی رہائشیوں کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔ سید ناصر حسین شاہ نے نہر خیام کے اطراف تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں سے متعلق خدشات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کسی قسم کا قبضہ یا غیر متعلقہ تعمیرات نہیں کی جا رہیں، نہ ہی کسی قسم کی کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے اور نہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کا مقصد عوامی سہولت، ماحولیاتی بہتری اور نہر خیام کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو اور نہر خیام کو بہتر، صاف ستھری اور خوبصورت شکل دی جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button