*صوبائی وزیر بلال یاسین کا لکشمی چوک میں بارشی پانی کو زیر زمین محفوظ کرنے والے ٹینک کے منصوبے کا افتتاح*

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے لکشمی چوک کے قریب بارشی پانی کو زیر زمین محفوظ کرنے کے منصوبے کے تحت واٹر سٹوریج ٹینک کے تعمیراتی کاموں کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد اور ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا لاہور نے شہر میں مون سون کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے کے حل کے لیے نسبت روڈ کے سور پوائنٹ پر رین واٹر مینجمنٹ اور ڈرینیج سسٹم کا نیا منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 525.580 ملین روپے ہے جبکہ اس کی تکمیل کا تخمینہ 12 ماہ لگایا گیا ہے۔منصوبے کے تحت گورنمنٹ دیال سنگھ کالج گراؤنڈ، دل محمد روڈ لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینک تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو واسا اپنے وسائل سے مکمل کرے گا جبکہ اس کی آپریشن اور مینٹیننس کی ذمہ داری بھی واسا لاہور کے پاس ہوگی۔منصوبے میں بارش کے پانی کی مؤثر نکاسی اور ذخیرہ کرنے کے لیے جدید انفراسٹرکچر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 3.0 ملین گیلن گنجائش کا آر سی سی انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 1200 فٹ طویل آر سی سی ڈرینیج سسٹم اور 1600 فٹ لمبی 500 ملی میٹر قطر کی فورس مین لائن بھی بچھائی جائے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ واٹر ٹینک میں گراؤنڈ واٹر ریچارج سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے اس موقع پر کہا کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں متعدد زیر زمین واٹر ٹینکس مکمل اور فعال ہو چکے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں سے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اسی نوعیت کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نسبت روڈ اور ملحقہ علاقوں میں مون سون کے دوران جمع ہونے والے پانی کے مسئلے پر مؤثر قابو پانے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولت میسر آئے گی۔

جواب دیں

Back to top button