سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے ساہیوال پسپ پروگرام کے تحت زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن نارتھ سائیڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر ساہیوال، پسپ پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عمر جاوید ، سٹی مینیجر محمد اسجد علی خان، کنٹریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ڈسپوزل اسٹیشن میں قائم مختلف حصوں کا معائنہ کیا جن میں جنریٹر روم، لیبارٹری اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل تھے۔ لیبارٹری میں پانی کے ٹیسٹ کا عملی جائزہ بھی لیا گیا۔

اس موقع پر شکیل احمد میاں نے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے شہریوں کو سیوریج سے متعلقہ دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی۔ بعد ازاں انہوں نے سیوریج پر جاری کاموں میں پیش رفت کا معائنہ کیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے اور سیفٹی کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے مزدوروں کو حفاظتی ہیلمٹ فراہم کیے جائیں اور تعمیراتی کام سے آگاہی کے لیے نمایاں سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے





