وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے نوتشکیل شدہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے آفس کا دورہ کر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گُل اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر سہیل کیفی بھی موجود تھے۔ نیو مسلم ٹاون میں واقع اتھارٹی کے آفس آمد پر ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بعدازاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کی ٹرانزیشن کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر وسائل ماہ رواں میں منتقل کر دیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ہر تحصیل کی آبادی اور سڑکوں کی لمبائی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر تحصیل میں یونین کونسلوں کی تعداد اور ریسورسز کا تفصیلی ڈیٹا بھی فراہم کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو اتھارٹی ماڈل کے مطابق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی کنٹرول ڈویژن سے ضلع میں منتقل کرنے کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ صفائی کے معاملات کی بہتری میں فیلڈ آفیسرز کا اہم کردار ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ فیلڈ آفیسرز کی مانیٹرنگ کا نظام مزید مضبوط کیا جائے۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتھارٹی ماڈل کے تحت دیہات میں سُتھرا پنجاب کا انفراسٹرکچر مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے سامنے ویسٹ ٹو ویلیو کا اہم چیلنج ہے۔ اس فیز کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے لئے صفائی پلان ابھی سے تیار کر لیا جائے۔ اس حوالے سے محکمہ بلدیات کی جانب سے ہدایات بھیجی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل علاقوں میں ڈبل شفٹ کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ آگاہی مہم کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے تاکہ مقررہ وقت کے بعد گندگی پھیلانے کی روایت کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔



