پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعمیراتی سائٹس پر سیفٹی آڈٹ کیلئے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹی قائم

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران تعمیراتی سائٹس پر سیفٹی آڈٹ کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے زور دیا کہ کھدائی والی سائٹس کیلئے جاری کی گئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے بھی شرکت کی۔ پی ڈی پی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد محمود نے صوبائی وزیر کو 46 شہروں میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ 46 شہروں کیلئے شفاف ٹینڈرنگ کے بعد 12 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 سکشن اور 52 جیٹنگ مشینوں کی خریداری کے لئے ورک ایوارڈ کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 100 ڈی واٹرنگ سیٹ اور 82 ڈی سلٹنگ مشینیں بھی استعمال کی جائیں گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ بارانی پانی کے نکاس اور زیر زمین سٹوریج ٹینکس کی تعمیر پر کام شروع ہو چکا ہے۔ پروگرام میں شامل شہروں میں سیور کی مجموعی لمبائی 5397 کلومیٹر ہوگی جبکہ ڈرینز 181 کلومیٹر لمبی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 67 انڈر گرائونڈ ٹینک بنائے جائیں گے۔ مختلف شہروں میں 33 ہزار 160 مین ہول کوورز بھی لگائے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ 56 نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ 61 سٹیشنز کی بحالی ہوگی۔ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو سولرائزڈ کرنا بھی پی ڈی پی کا حصہ ہے۔ شہروں میں 6100 کلومیٹر طویل گلیوں، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس میں یومیہ 323 ملین گیلن پانی فلٹر کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ پی ڈی پی شہروں کے برسوں سے جاری مسائل کے جامع حل کا پروگرام ہے۔

جواب دیں

Back to top button