وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 22 ہزار دیہات کے چھپڑوں کی بحالی کیلئے سروے کا فیصلہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت مثالی گاؤں پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے 22 ہزار سے زائد دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی کیلئے سروے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ نے بھی شرکت کی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب رُورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) اسداللہ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تقریباً 40 ہزار چھپڑوں کی صفائی کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتی چھپڑوں کے خاتمے سے ماحولیاتی مسائل نے جنم لیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ اِن چھپڑوں کا جوہڑوں میں تبدیل ہونا افسوسناک ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلی نے جامع منصوبہ طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کے ذخیرے بنانے سے نہ صرف زیرزمین پانی کی سطح بہتر ہوگی بلکہ ایکواکلچر بھی فروغ پائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "مریم نواز مثالی گائوں” پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار تمام دیہات تک وسیع ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے لئے پریذینٹیشن پر بھی غور کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ہر مثالی گائوں میں سیوریج بچھایا جائے گا جبکہ تمام ڈرینز کوور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آر ایم ایس سی کی زیرنگرانی دیہات میں جدید سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ آگے بڑھ رہا ہے۔ انشااللہ پروگرام مکمل ہونے پر کسی مثالی گائوں میں کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ مثالی گائوں میں فلٹریشن پلانٹ بھی ہوگا اور سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ پروگرام کے تحت دیہات کے لئے جامع ماسٹر پلاننگ کی گئی ہے۔ پروگرام کی تکمیل کے ساتھ دیہات کا نیا اور خوبصورت روپ سامنے آئے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو چھپڑوں کے سروے کے لئے آرٹیفیشل انٹلیجنس کی بھی مدد لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ڈیٹا جمع ہونے سے منصوبے کی موثر انداز میں تکمیل میں آسانی ہوگی۔

جواب دیں

Back to top button