ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس،ستھرا پنجاب کا کنٹرول ڈویژن سے ضلع کو منتقل،اینٹی لٹرنگ اسکواڈز تشکیل دینے کا فیصلہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ سُتھرا پنجاب کا کنٹرول ڈویژن سے ضلع کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز حکومت کی دوسالہ کارکردگی میں سُتھرا پنجاب سرفہرست رہا۔ غیر جانبدار ادارے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین اینڈ ریسرچ IPOR کے سروے میں عوام نے سُتھرا پنجاب کو سب سے اچھی ریٹنگ دی۔ وہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی آفس میں اضلاع میں تعینات ہونے والے سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں اظہارِ خیال کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان، وزیراعلی کے فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور ڈی جی سُتھرا پنجاب بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اضلاع میں نوتعینات شدہ ایم ڈیز کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئی پور IPOR کے سروے میں عوام کا اعتماد سُتھرا پنجاب کی پوری ٹیم کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ سُتھرا پنجاب وزیراعلی مریم نواز کے دل کے قریب پروگرام ہے۔ سروے میں ستھرا پنجاب کو ٹاپ ریٹنگ ملنے پر اجلاس کے شرکا نے تالیاں بجا کر مسرت کا اظہار کیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کا نیٹ ورک ہر جگہ موجود ہے۔ گزشتہ سال سیلاب کے دوران یہی نیٹ ورک جگہ جگہ انتظامیہ کا ہیلپنگ ہینڈ بنا۔ خدانخواستہ کسی بھی قدرتی آفات میں ہمارے ورکرز آئندہ بھی حکومت کے دست و بازو بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے سُتھرا پنجاب پروگرام کے ذریعے دو لاکھ افراد کو بلاواسطہ روزگار دیا جبکہ لاکھوں دیگر خاندانوں کو بالواسطہ طور پر فائدہ پہنچ رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ دنیا میں سُتھرا پنجاب کو صفائی کا کامیاب ماڈل سمجھا جا رہا ہے۔ سُتھرا پنجاب سے عوام کی بڑھتی توقعات پورا کرنا ہمارا فرض ہے۔ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کے ساتھ ہم اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کے مصروف کمرشل علاقوں میں رات کے وقت تیسری شفٹ بھی شروع ہوگئی ہے۔دیہات میں بھی اس پروگرام کا انفراسٹرکچر مضبوط بنایا گیا ہے۔ اجلاس میں ہر ضلع میں اینٹی لٹرنگ سکواڈز تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو گندگی پھیلانے پر ضروری اقدامات کریں گے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ گندگی پھیلانے پر جرمانے کا مقصد صرف معاشرے کی اصلاح ہونا چاہیئے۔ سُتھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ کے تحت متعلقہ حکام کے پاس جرمانوں کا اختیار موجود ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ اتھارٹی ماڈل کے تحت ٹرانزیشن کا عمل تکمیل کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی ماڈل سکڑ رہا ہے جبکہ اتھارٹی ماڈل پھیل رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز ایم ڈیز کو مکمل سپورٹ کریں۔ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ عوام اور وزیراعلیٰ کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

جواب دیں

Back to top button