لاہور کے شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز فراہم کرنے اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام” (LDP) کے تحت فیلڈ میں پوری قوت سے متحرک ہے جس کی براہِ راست نگرانی ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز خود کر رہے ہیں۔ اسی مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے تحصیل رائے ونڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مین ملتان روڈ موہلنوال اور ملحقہ علاقوں میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور تعمیراتی معیار کا باریک بینی سے معائنہ کیا ہے۔
اس اہم فیلڈ معائنے کے موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کلیم یوسف، اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ بابر علی رائے اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ تکنیکی افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے، جہاں اے سی رائے ونڈ نے ڈی سی لاہور کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والی گلیوں کی تعمیر، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور ڈرینج سسٹم کی بحالی پر مفصل بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران ڈپٹی کمشنر لاہور کو خاص طور پر مین ہول کورز کے نیچے جدید حفاظتی جالوں کی تنصیب کے عمل پر بریفنگ دی گئی، جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی تحفظ کے لیے شہر کے تمام مین ہولز میں سو فیصد حفاظتی جالوں کی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے کا سدباب ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید حکم دیا کہ تمام گلیوں اور شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات اور میونسپل سروسز کی بلا تعطل فراہمی کو برقرار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ لاہور کو ایک ماڈل اور ماڈرن شہر بنانا ہمارا اولین انتظامی ایجنڈا ہے جس کے لیے تمام دستیاب ضلعی وسائل اور مشینری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اس عزم پر کاربند ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کے معیارِ زندگی میں بھی ایک بڑی مثبت تبدیلی آئے گی۔





