سندھ کے وزیر بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کی روانی، سرکاری افسران و ملازمین کی تعیناتیوں اور محکمانہ امور سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے)، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کریم آباد انڈر پاس کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انڈر پاس کے اطراف قائم تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ منصوبے کی افادیت برقرار رہے اور شہریوں کو بلا رکاوٹ آمدورفت کی سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ بنایا جائے اور اس سے متعلق تمام بقایا کام فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
ناصر حسین شاہ نے واضح کیا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے ساتھ اس سے منسلک تمام ترقیاتی اسکیموں اور معاون کاموں کو بھی بیک وقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ماری پور روڈ وائی جنکشن سے مچھلی چوک تک جاری ترقیاتی منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر بھی میسر آئے گا۔ اجلاس کے دوران محکمہ بلدیات میں افسران و ملازمین کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ ناصر حسین شاہ نے سختی سے ہدایت کی کہ محکمانہ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے اور حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعیناتی کے منتظر تمام افسران اور ملازمین کی فوری پوسٹنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی سرکاری ملازم کو بلاجواز ہراساں یا پریشان نہ کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ حکومت سندھ کراچی کی ترقی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور شہر کو جدید، خوبصورت اور مثالی بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔





