وزیر بلدیات اچانک دورے پر کوٹ مومن اور سرگودھا شہر پہنچ گئے، صفائی کا تفصیلی جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق اچانک دورے پر کوٹ مومن اور سرگودھا شہر پہنچ گئے۔ انہوں نے وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر سُتھرا پنجاب کے تحت صفائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلی کے فوکل پرسن سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کوٹمومن اور سرگودھا شہر کی مارکیٹوں، محلوں میں صفائی انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے بعض دکانداروں اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کا بھی حکم دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اُنہوں نے پنجاب بھر کے اچانک دورے شروع کر دیے ہیں۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ صفائی کے مقررہ اہداف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز خود بھی سپاٹ چیکنگ کریں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مانیٹرنگ سٹاف کے دوروں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر اپ لوڈ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خالی پلاٹس سمیت پوری یونین کونسل میں لازمی صفائی ہونی چاہیئے۔ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کی زیرنگرانی ڈور ٹو ڈور آپریشنز کی جیوفینسنگ پر کام جاری ہے جس سے ڈیجیٹل ٹریکنگ کا دائرہ کار گلی محلوں تک بڑھ جائے گا۔بعدازاں ذیشان رفیق ڈپٹی کمشنر سرگودھا کے آفس گئے جہاں انہیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا، ایم ڈی سُتھرا پنجاب عاطف سندھو اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں گندگی پھیلانے والوں کو وارننگ کے بعد جرمانے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں اے ڈی سی سالڈ ویسٹ لگانے کے بعد مزید بہتری نظر آنی چاہیئے۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ کسی بھی سستی یا کوتاہی پر اوپر سے نیچے تک کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button