ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے آپریشن تیز کریں،تمام بلدیاتی اداروں اور ستھرا پنجاب ایجنسیز کو خصوصی مراسلہ جاری

محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے اسموگ سیزن کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں فضائی آلودگی کے تدارک، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے فیلڈ سطح پر جاری آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی ہدایت پر تمام بلدیاتی اداروں اور ستھرا پنجاب ایجنسیز کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں اسموگ کے تدارک کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کوڑا کرکٹ جلانے والے عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید سخت کرنے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ فضائی آلودگی اور گرد و غبار میں کمی کے لیے اہم شاہراہوں، سڑکوں اور دیگر حساس مقامات پر پانی کے چھڑکاؤ کا عمل مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسموگ کا باعث بننے والی تجاوزات کے خلاف فیلڈ آپریشنز میں بھی تیزی لانے، ریت اور مٹی منتقل کرنے والی تمام گاڑیوں کو ترپال سے لازمی ڈھانپنے اور دورانِ سفر گرد و غبار کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ نے تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث دھول مٹی اڑانے والی سائٹس، حساس مقامات اور ہاٹ اسپاٹس کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔ مراسلے میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور گرین کور کے تحفظ کو یقینی بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کا کہا گیا ہے۔ عوامی سطح پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور اسموگ سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کوڑا کرکٹ نہ جلانے، صفائی برقرار رکھنے اور ماحول دوست اقدامات اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔ مراسلے میں بلدیاتی اداروں کی روزمرہ فیلڈ کارکردگی، صفائی آپریشنز اور اسموگ کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق تمام ڈیٹا پی ایم ڈی ایف سی ڈیش بورڈ پر فوری طور پر اپڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کی مؤثر نگرانی اور کارکردگی کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے چیف افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ سٹاف اور سینیٹیشن ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹرنگ یقینی بنائیں، فیلڈ میں موجود ٹیموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور اسموگ کے تدارک کے لیے جاری اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا سستی نہ برتی جائے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے مطابق اسموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز میں فیلڈ آپریشنز جاری رکھنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button