وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے بھلوال شہر ضلع سرگودھا کا دورہ کر کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر فوکل پرسن سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور محکمہ بلدیات کے دیگر افسر بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو ڈسپوزل سٹیشن اور دیگر سکیموں پر بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے متعلقہ حکام کو ترقیاتی سکیموں میں معیار اور رفتار دونوں کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مختلف شہروں میں 23 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی پور چٹھہ میں ڈسپوزل سٹیشن کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ پھالیہ، جلالپور جٹاں، ڈسکہ، حاصلپور، لودھراں اور دیگر شہروں میں ڈسپوزل سٹیشنز جلد مکمل ہوجائیں گے
۔ انہوں نے کہا کہ ڈرینز، انڈر گرائونڈ ٹینکس اور ڈسپوزل سٹیشنز کا مربوط نیٹ ورک تیار ہو رہا ہے۔ مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کریڈیٹ وزیراعلی مریم نواز کو جاتا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کا فوکس اربن فلڈنگ کے خطرات کم سے کم کرنا ہے۔ دورے کے موقع پر وزیر بلدیات نے بھلوال میں زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشن میں پودا بھی لگایا۔






