صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا۔ صوبائی سیکرٹری نے شہر میں جاری 6ارب روپے کی لاگت سے پی ڈی پی پراجیکٹ کے مختلف منصوبوں کی سائٹ اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر حافظ آبا د عبدالرزاق، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں رب دینو اور دیگر متعلقہ افسران بھی ساتھ تھے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے صوبائی سیکرٹری کو پنڈی بھٹیاں شہر کے سیوریج نظام کی بہتری کے لیے چھ ارب روپے کے میگا پراجیکٹ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہروں کی تعمیر و ترقی، علاقائی مسائل کے حل اور میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی جانب سے پنڈی بھٹیاں شہر کے زیر زمین سیوریج نظام، گلی،نالیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے چھ ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے تا کہ یہاں کے شہریوں کو در پیش سیوریج مسائل مستقل طو رپر حل کیے جا سکیں۔ صوبائی سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کے افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ پی ڈی پی کے ا س منصوبہ کے تمام تعمیراتی کام کو کوالٹی کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے تا کہ شہریوں کو درپیش اس منصوبہ کی وجہ سے درشواری کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور یہاں کے سیوریج، نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے معمالات بہتر ہوسکیں۔
صوبائی سیکرٹری نے پی ڈی پی پراجیکٹ کے تحت بننے والے انڈر گراؤنڈ سیوریج ٹینک کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعمیراتی کام کا جائز ہ لیا۔بعد ازاں صوبائی سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزا ق کے ہمراہ اُدوکی گاؤں کا بھی دورہ کیا،جہاں انہوں نے حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام ستھرا پنجاب کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ صوبائی سیکرٹری نے دیہات کی مختلف گلی، محلوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کے کاموں کا جائزہ اور لوگوں سے اس حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا۔





