پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سابق چیئرمین اور معروف مزدور رہنما سیدہادی حسین شاہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس

پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سابق چیئرمین اور معروف مزدور رہنما سیدہادی حسین شاہ کی وفات پر تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیاجس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ و سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین، صدر شوکت علی انجم، چیئرمین عبدالرحمن عاصی، جنرل سیکرٹری اسد محمود، فنانس سیکرٹری سید عطاء اللہ شاہ، محبوب اللہ، افتخار خان، حاجی انور کمال، بشیر باچا، بلال بلوچ،محمد سرفرازملک،شوکت کیانی،شیر فرزند،شاد خان و دیگر مزدور رہنماؤں نے شرکت کی،اس موقع پرتعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزدوررہنماؤں نے کہا کہ سیدہادی حسین شاہ مرحوم ایک بااصول، مخلص اور مدبر مزدور رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور مزدور تحریک کے استحکام کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مزدور تحریک کے لیے ان کی گراں قدر اور ناقابلِ فراموش خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سیدہادی حسین شاہ نے ہزاروں مزدوروں کی تعلیم و تربیت اور سیاسی و تنظیمی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔انھوں نے مزدوروں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے منظم، متحد اور پُرامن جدوجہد کا درس دیا اور ہر مشکل وقت میں مزدور طبقے کے ساتھ کھڑے رہے اس حوالے سے ان کی جدوجہد اور خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مزدور رہنماؤں نے مزید کہا کہ سیدہادی حسین شاہ کی وفات سے پاکستان کی مزدور تحریک ایک مخلص، نڈر اور باصلاحیت رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کا خلا طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سید ہادی حسین شاہ مرحوم کے مشن اور مزدوروں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

جواب دیں

Back to top button