وزیر اعلیٰ مریم نوازنے پنجاب کی ہر تحصیل میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز آؤٹ سورسنگ پلان کی منظوری دیدی، 103تحصیلوں میں آؤٹ سورسنگ مکمل، 87ہزار اضافی ملازمتیں پیدا ہونگی

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کی ہر تحصیل میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز آؤٹ سورسنگ پلان کی منظوری دے دی۔ عوام کی سہولت کے لئے ستھرا پنجاب ایپ بھی لانچ کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف 3دسمبر کو پنجاب میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ”زیر ویسٹ مشن“ ستھرا پنجاب پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 103تحصیلوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید32تحصیلوں میں آؤٹ سورسنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مانیٹرنگ کے صفائی پر مامور گاڑیوں پر ٹریکر نصب ہونگے۔ صوبائی، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ کا سسٹم قائم کیا جائے گا۔ ہرتحصیل میں اے سی کی سربراہی میں 6رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہوگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ سے مجموعی طور پرایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ سے 87ہزار اضافی ملازمتیں پیدا ہونگی۔ 21ہزار سے زائدصفائی مشینری اور83 ہزار سے زائد صفائی آلات فراہم کیے جائیں گے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورسنگ سے لاہور کی 15ؒٓلاکھ گھروں میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کی جائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور کی 500 مارکیٹوں اور400گاؤں میں صفائی یقینی بنائی جائے گی۔لاہور میں صفائی ستھرائی کے لئے 540ورکرز ہائر کیے جائیں گے۔ لاہور کی ہر یونین کونسل میں خصوصی بیٹ اور 10لوڈ رکشے دیئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر گلی محلہ میں صفائی کی کوالٹی یکساں اور بہتر ہونی چاہیے۔ پنجاب میں زیرو ویسٹ انقلاب برپا کرینگے۔انہوں نے کہا کہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور غفلت پر سخت ایکشن ہونا چاہیے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مری میں صفائی کے انتظامات کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button