​ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر سرپرستی پہلے ٹی-10 فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد ​

ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو مثبت تفریح فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی خصوصی ہدایت اور زیر سرپرستی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پہلے ٹی-10 فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی 8 معروف کرکٹ ٹیموں نے حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس میگا ایونٹ میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے خصوصی طور پر شرکت کی اور خود کرکٹ کھیل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی میچ کرکٹ سینٹر اور گولڈن سٹار کلب کے درمیان کھیلا گیا، جبکہ اس موقع پر کی جانے والی شاندار آتش بازی نے سماں باندھ دیا۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کھیلوں کے مقابلوں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے اور لاہور میں کھیلوں کے میدانوں کی حالت زار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا کیونکہ صحت مند سرگرمیاں ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر تعمیری کاموں میں لگانا ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی ذیشان ملک نے بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے اور لاہور کا ٹیلنٹ مستقبل میں پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button