وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل سٹی آؤٹ فال روڈ اور اس سے ملحقہ رہائشی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیت واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے ڈی سی لاہور کو فیلڈ میں جاری سرگرمیوں اور شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سختی سے ہدایت کی کہ سیوریج لائنوں کی مکمل صفائی اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ نکاسی آب میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ مرکزی شاہراہوں اور گلی محلوں سے ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے اور واسا حکام کو پابند کیا کہ نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ تمام مین ہول کورز کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے خاتمے کے لیے پیچ ورک اور مرمتی کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے گا۔ ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ بصری آلودگی کے خاتمے کے لیے وال چاکنگ اور غیر قانونی پوسٹرز کو ہٹانے کا کام تیز کیا جائے کیونکہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو سیوریج و نکاسی کے مسائل سے مستقل نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ میونسپل سروسز کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے "زیرو ٹولرنس” پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔






