میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شالامار زون میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ سنگھ پورہ مین روڈ پر ایک کمرشل پلازے کی تعمیر مبینہ طور پر منظور شدہ نقشے کے برعکس جاری ہے، جبکہ شالامار زون کےمتعلقہ حکام کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ تعمیراتی منصوبے میں بلڈنگ بائی لاز اور نقشہ منظوری کی شرائط کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے تاہم شکایات کے باوجود تعمیراتی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض متعلقہ اہلکار اختیارات کے ناجائز استعمال اور مفاد پرستی کے باعث خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہے ہیں۔
شہری حلقوں نے ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن محمد علی اعجاز چیف آفیسرمیٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا اور میٹرو پولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، تعمیراتی ریکارڈ اور منظور شدہ نقشے کا جائزہ لیا جائے اور اگر خلاف ورزیاں ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔





